بالی ووڈ کی سینئر اداکارہ نندہ کا انتقال

ممبئی۔/25مارچ، ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندی فلموں کی سینئر اداکارہ نندہ کا آج صبح انتقال ہوگیا۔ وہ 75سال کی تھیں۔ ایک مراٹھی فلم ایکٹر و ڈائرکٹر ونائیک دامودر کے خاندان میں جنم لینے والی نندہ نے بے بی نندہ کی حیثیت سے فلموں میں اداکاری کا آغاز کیا۔ وی شانتا رام نے انہیں مرکزی کردار کے لئے’ طوفان‘ اور’ دِیا ‘ میں سائن کیا تھا۔ فلم کی ریلیز کے بعد نندہ ایک بڑی ہیروئن بن گئی تھیں۔ اُن کی چند مشہور فلموں میں دھول کا پھول، بھابی، نیا سنسار، جب جب پھول کھلے، گمنام، شور، راجہ صاحب، دھرتی کہے پکار کے، بیٹی، ہم دونوں، دی ٹرین، جوروکا غلام، قابل ذکر ہیں۔

انہوں نے بی آر چوپڑہ کی فلم ’ اتفاق‘ میں آنجہانی راجیش کھنہ کے ساتھ ایک نگیٹو کردار کیا تھا جس کی کافی ستائش کی گئی تھی۔ وہ دلیپ کمار کے ساتھ اداکاری کرنے کی بھی خواہاں تھیں اور ان کی اس خواہش کو بھی بی آر چوپڑہ نے ہی فلم ’ مزدور‘ بناکر پورا کیا۔ 1983ء میں راج کپور کی فلم ’ پریم روگ‘ میں انہوں نے آخری بار اداکاری کی تھی جس میں رشی کپور اور پدمنی کولہا پورے نے مرکزی کردار نبھایا تھا۔ نندہ گذشتہ طویل عرصہ سے گوشہ گمنامی میں تھیں۔1992ء میں آنجہانی ڈائرکٹر منموہن دیسائی سے ان کی منگنی ہوئی تھی لیکن بدقسمتی سے 1994ء میں منموہن دیسائی اپنے اپارٹمنٹ کی چھت سے گرکر انتقال کرگئے تھے۔ اس حادثہ کے بعد نندہ نے شادی نہیں کی حالانکہ انہیں شادی کی پیشکش کئی لوگوں نے کی تھی۔ اُن کی آخری رسومات کے بارے میں خاندانی ذرائع نے فی الحال کچھ نہیں بتایا۔