’بالی ووڈ کو اصل خطرہ تو ہالی ووڈ سے ہے‘ اکشے

ممبئی ( سیاست ڈاٹ کام ) اداکار اکشے کمار کا کہنا ہے کہ بالی وڈ کو اصل خطرہ جنوبی ہندوستان کی فلم انڈسٹری میں بننے والی فلموں سے نہیں بلکہ ہالی وڈ سےہے۔ان کا کہنا ہے کہ جنوبی ہندوستان کی زبانوں تمل اور تلُگو میں بنی فلم ’ بہوبلی‘ کی مقبولیت بالی ووڈ کے لیے کبھی بھی خطرہ نہیں بن سکتی ہے کیونکہ ’وہ تو ہندوستان کا ہی حصہ ہے اور وہ ہماری ہی انڈسٹری ہی ہے۔ اصل خطرہ تو ہالی ووڈ سے ہے۔‘ان کا خیال ہے کہ جس طرح کی فلمیں ہالی ووڈ میں بنائی جاتی ہیں ان کے لیے بڑا بجٹ درکار ہوتا ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ بالی وڈ میں جو ایکشن فلمیں بنتی ہیں وہ اس طرح سے بنائی جاتی ہیں کہ ان کو لوگ اپنے گھروالوں کے ساتھ بیٹھ کر بھی دیکھ سکیں اور فلم کا مزہ لے سکیں اور ان فلموں کا بجٹ بھی ایسا ہوتا ہے کہ جس کا مقابلہ ہالی ووڈ سے نہیں کیا جا سکتا۔اکشے کمار سے جب یہ پوچھا گیا کہ انہوں نے حال ہی میں ’ بے بی ‘ اور ’ ہالی ڈے‘ دو ایسی فلموں میں کام کیا ہے جن کا موضوع شدت پسندی تھا۔ وہ شدت پسندی کے بارے میں کیا کہتے ہیں؟ان کا کہنا تھا ’ شدت پسندی صرف ہندوستان کے لیے ہی نہیں بلکہ پوری دنیا کےلیے بہت بڑا خطرہ بنتی جارہی ہے اور اس کے لیے میڈیا بھی بہت حد تک ذمہ دار ہے‘۔