بالی ووڈ ستاروں سے مظفرنگر سے متعلق سوالات پوچھنے پر اکھیلیش میڈیا سے خفا

لکھنؤ ۔ 10 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) بالی ووڈ کے سوپر اسٹار سلمان خاں کے اٹاوہ کے سیفٹی مہوتسو کے شرکت کے موقع پر وہاں بعض ذرائع ابلاغ کی جانب سے مظفرنگر سمیت مغربی یوپی کے حالیہ ہولناک فرقہ وارانہ فسادات کی بابت پوچھے گئے سوالات پر وزیراعلیٰ اکھیلیش یادو نے آج یہاں لکھنؤ میں منعقدہ اپنی پریس کانفرنس میں اپنی شدید ناراضگی کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ وہ جب خود سیفٹی مہوتسو میں موجود تھے تو ان سے اس بابت تمام سوالات پوچھے جانے چاہئے تھے۔

بالی ووڈ کے اداکار تو یہاں مہمان تھے انہیں بھلا مظفرنگر کے حالات کیا معلوم ہوتے۔ انہوں نے کہا کہ دراصل یہ ان کی حکومت کو بدنام کرنے کی سازش کے تحت پوچھے گئے۔ انہوں نے کہا کہ وہ یہ بات پورے دعویٰ کے ساتھ کہہ رہے ہیں کہ ان کی حکومت نے مظفرنگر فسادات سے متاثرین کی جتنی زبردست امداد کی اتنی آج تک کسی بھی حکومت نے کسی بھی فرقہ وارانہ فسادات کے متاثرین سے نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے اپنے مظفرنگر کے دورہ میں وہاں کے متاثرین جو پناہ گزین کیمپوں میں رہ رہے تھے، ان کو لوہیا آواس اسکیم کے تحت مکانات دینے کی پیشکش کی تھی جس کو تمام متاثرین نے مسترد کردی تھی لوہیا آواس کے لئے کسی نے کوئی درخواست نہیں گزاری۔

انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت نے متاثرین کی بازآبادکاری کی ہر طرح سے کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ جہاں تک سیفٹی مہوتسو کا تعلق ہے یہ ایک عرصہ سے منایا جاتا رہا ہے۔ چاہے یو پی میں سماج وادی پارٹی کی حکومت ہو یا نہ ہو اس مہوتسو کیلئے ریاستی حکومت کی جانب سے 10 کروڑ روپئے کا بجٹ منظور ہوتا ہے۔ یہ کوئی سیر تفریح کیلئے نہیں ہوتا بلکہ اس کا مقصد سیفٹی کے سینکڑوں افراد کو روزگار فراہم کرنا اور سیاحت کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مرتبہ بھی بالی ووڈ کے ستاروں کو بلایا گیا۔ ماضی میں بھی بالی ووڈ کے ستارے یہاں آتے رہتے ہیں اب کہ سلمان خان، مادھوری ڈکشٹ، فرح خان وغیرہ متعدد ہستیاں آئیں۔ انہوں نے کہا کہ سیفٹی مہوتسو پر میڈیا کے بعض حلقوں نے تین ارب خرچ کرنے کا الزام لگادیا۔ انہوں نے کہا کہ ایسی غلط گمراہ کن رپورٹنگ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جانی چاہئے۔

سزاء دینی چاہئے جو اس طرح کی من گھڑت خبریں شائع کرتے ہیں۔ یو پی حکومت 300 کروڑ روپئے خرچ کرنے والی خبر شائع کرنے والوں سے حساب مانگے گی۔ وزیراعلیٰ اکھیلیش یادو نے کہا کہ بعض چینل والے اردو کے بدترین مخالف ہیں وہ یہاں کی گنگا جمنی تہذیب کو بڑھاوا دینے کے بھی مخالف ہیں۔ وزیراعلیٰ نے خاص طور پر دل کی بیماریوں میں مبتلاء مریضوں سے ملاقات کی ان کے علاج معالجہ کا یقین دلایا۔ اس خبر کو کسی چینل نے نہیں دکھایا؟ یاد رہے کہ سلمان خاں نے جواہر نہرو ہاسپٹل جاکر وہاں تقریباً 81 بچوں کو جو مہلک امراض میں مبتلاء ہیں ان کا ممبئی میں علاج کرانے آپریشن کرانے کی ذمہ داری لی ہے۔ وزیراعلیٰ نے اپنی وزارتی کونسل کے ارکان ممبران اسمبلی کے بیرون ملک کے اسٹڈی ٹور کو حق بجانب قرار دیا ہے ۔ یہ دورہ مرکزی حکومت سے منظوری کے بعد ہی ممکن ہوا ہے اس پر حزب مخالف کو اعتراض نہیں کرنا چاہئے۔