بالی ووڈکے امریکی نژادہندوستانی اداکار ٹام الٹر کا انتقال

تاریخی فلموں ، ڈراموں اور سیریئلس میں منفرد رول ، صدر ، وزیراعظم کا اظہار تعزیت
ممبئی ۔ /30 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی تھیٹر ، فلموں اور ٹیلی ویژن کے سرکردہ اداکار ٹام الٹر کا کینسر کے عارضہ کے سبب معمر 67 سال آج انتقال ہوگیا ۔ انہوں نے شطرنج کے کھلاڑی ، جنون ، اور کرانتی جیسی فلموں میں اپنے منفرد رول اور دل کو چھولینے والی اداکاری کے سبب شایقین میں بے پناہ شہرت و مقبولیت حاصل کی تھی ۔ باوقار پدما شری ایوارڈ یافتہ فنکار گزشتہ چار سال سے جلد کے کینسر میں مبتلا تھے ۔ جمعہ کی شب اپنے گھر میں آخری سانس لی اس وقت ان کے تمام ارکان خاندان ان کے قریب موجود تھے ۔ ٹام الٹر جو امریکی نژاد ہندوستانی عیسائی تھے لیکن آج دوپہر ورمی کے شمشان گھاٹ پر ان کی نعش کو سپرد آتش کیا گیا ۔ ان کے خاندانی ذرائع نے کہا کہ ان کے خاندان میں آخری رسومات (تدفین یا سپرد آتش) کا کوئی مقررہ طریقہ کار نہیں تھا علاوہ ازیں ٹام نے سپرد آتش کرنے کی خواہش کی تھی جسکے مطابق آخری رسومات انجام دی گیئں ۔ ٹام الٹر کے انتقال پر صدرجمہوریہ رام ناتھ کووند ، وزیراعظم نریندر مودی ، کانگریس کی صدرسونیا گاندھی ، نائب صدر راہول گاندھی اور ہندوستانی فلمی صنعت تھیٹر اور ٹیلی ویژن کے اہم شخصیات نے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے غمزدہ خاندان سے تعزیت کا اظہار کیا ۔ ٹام الٹر 1950 ء میں اترپردیش کے مسوری ٹاؤن میں امریکی عیسائی مشنری جوڑے کے گھر پیدا ہوئے تھے ۔ انہوں نے ہریانہ کے جگدھاری اسکول میں ٹیچر کی حیثیت سے کیرئیر کا آغاز کیا تھا ۔ لیکن راجیش کھنہ ۔ شرمیلا ٹیگور کی فلم آردھنا دیکھنے کے بعد ان میں بھی اداکاری کا شوق پیدا ہوا ۔ 1974-1972 ء میں انہوں نے پونے کے فلم اینڈ ٹیلی ویژن انسٹی ٹیوٹ میں گریجویشن کیا جہاں انہیں گولڈ میڈل حاصل ہوا ۔ 1976 ء میں انہوں نے رامانند ساگر کی فلم ’’چرس‘‘ سے اپنا فلمی کیرئیر شروع کیا ۔ دھرمیندر اور ہمامالینی کی اس فلم میں چیف کسٹمس آفیسر کا رول کیا تھا ۔ ٹام الٹر نے ’رام تیری گنگا میلی ہوگئی ‘ عاشقی ، پرندہ ، سردار پٹیل ، اور گاندھی جیسی فلموں کے علاوہ جنونی ، زبان سنبھال کے ، بھارت ایک کھوج ، شکتی مان ، وغیرہ میں بھی کام کیا ۔ وہ آخری مرتبہ رواں ٹیلی ویژن سیرئیل ’ رشتوں کے چکرویو میں دیکھے گئے تھے ۔ الٹر نے جنہیں اردو پر کافی عبور تھا ’’مولانا‘‘ ، ’’بابر کے اولاد‘ ’ لال قلعہ کا آخری مشاعرہ ‘ ، ‘ غالب کے خط‘ جیسے مقبول عام اردو ڈراموں میں بھی یادگار اداکاری کی تھی ۔ بحیثیت صحیفہ نگار ٹام الٹر نے ہندوستانی کرکٹ اسٹار سچن تنڈولکر سے سب سے پہلا انٹرویو بھی لیا تھا ۔ ان کی آخری فلم ’سرگرمیاں‘ تھی ۔ آلوک ناتھ اور فریدہ جلال کے کلیدی رول پر مبنی یہ فلم اس سال مئی میں ریلیز ہوئی تھی ۔ ٹام الٹر کے پسماندگان میں بیوی کیرول ، بیٹا جمی اور بیٹی رخشاں شامل ہیں ۔

کشمیر ی خواتین کی چوٹیاں کاٹنے کا سلسلہ جاری
سری نگر۔30ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) وادی کشمیر بالخصوص جنوبی کشمیر میں خواتین کی پراسرار طور پر چوٹیاں کاٹنے کا سلسلہ تھمنے کا نام ہی نہیں لے رہا ہے ۔ ریاست بھر میں چوٹی کاٹنے کے قریب 100 واقعات سامنے آنے کے بعد بھی مضبوط انٹیلی جنس نیٹورک کے لئے مشہور جموں وکشمیر پولیس ان میں ملوث افراد کا پتہ لگانے میں تاحال ناکام رہی ہے ۔ جنوبی کشمیر سے موصولہ اطلاعات کے مطابق چوٹی کاٹنے کا تازہ واقعہ ضلع کولگام کے نہامہ نامی گاؤں میں پیش آیا ہے ۔ اطلاعات کے مطابق ہفتہ کی صبح قریب دس بجے نامعلوم افرادنے ایک خاتون جو کہ تین بچوں کی ماں ہے ، کی چوٹی کاٹ دی۔