بالوں کی حفاظت کوئی دقت طلب کام نہیں

بعض اوقات بال بھی اتنی ہی  توجہ کے طالب ہوتے ہیں  جتنی کہ آپ اپنی جلد کی خوبصورتی اور رعنائی کیلئے صرف کرتی ہیں۔ یہ کوئی بہت دقت طلب اور مشکل کام نہیں۔ بالوں کو مضبوط و توانا بنانے کیلئے مساج یا مالش بہت ضروری ہے۔ ناریل اور میٹھے بادام کا تیل عام طور پر بالوں کی تمام اقسام کیلئے مناسب رہتا ہے۔ تین کھانے کے چمچے گرم پانی اور ایک چمچ تیل ملا کر لگانے سے آپ تیل کی چپچپاہٹ سے محفوظ رہ سکتی ہیں۔ یہ تناسب بالوں کی مقدار اور لمبائی کے تناسب سے زیادہ کم کیا جاسکتا ہے۔ مالش کرنے کیلئے بالوں کو مختلف حصوں میں تقسیم کرنے کے بعد انگلیوں کی پوروں سے ہلکے ہلکے تیل لگا کر اس کو اچھی طرح جذب کریں۔ 15 منٹ کا مساج سر کی جلد میں دوران خون کو تیز کرکے بالوں کی اچھی نشوونما میں بہت  مدد دیتا ہے۔