بالاکوٹ کی درسگاہ کو بین الاقوامی میڈیا کا دورہ

اسلام آباد ، 10 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان ملٹری نے چہارشنبہ کو انٹرنیشنل میڈیا والوں اور بیرونی سفارتکاروں کے ایک گروپ کو بالاکوٹ میں واقع درسگاہ اور اس کے اطراف و اکناف کے علاقوں کا دورہ کرایا، جہاں ہندوستان نے 43 روز قبل جیش محمد کے سب سے بڑے ٹریننگ کیمپ پر انسداد دہشت گردی آپریشن منعقد کیا تھا۔ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان 14 فبروری کو کشمیر کے ضلع پلوامہ میں پاکستان نشین جیش محمد کے خودکش بمبار کے دھماکے میں 40 سی آر پی ایف جوانوں کی ہلاکت کے بعد کشیدگی بہت بڑھ گئی تھی۔ بڑھتے غم و غصہ کے درمیان انڈین ایئر فورس نے 26 فبروری کو پاکستان کے کافی اندرون واقع بالاکوٹ میں جیش محمد کے ٹریننگ کیمپ کو فضائی حملہ کا نشانہ بنایا تھا۔ اگلے روز پاکستان ایئر فورس نے جوابی کارروائی کی اور فضائی جھڑپ میں ایک مگ ۔ 21 کو مار گرایا اور ایک آئی اے ایف پائلٹ ابھینندن کو پکڑلیا تھا جسے بعد میں یکم مارچ کو ہندوستان کے حوالے کردیا گیا۔ بی بی سی اردو کے مطابق میڈیا و سفارتکاروں کے گروپ کو اسلام آباد سے ہیلی کاپٹر کے ذریعے بالاکوٹ پہنچایا گیا۔ وہاں ان کا دورہ دیڑھ گھنٹے کا رہا اور وہ ہر ایک مدرسہ کو گئے۔ پاکستان ملٹری کے مطابق دورہ کنندہ گروپ نے پہاڑی جانب وہ نشان دیکھے جہاں ہندوستان نے بم گرائے۔