باصلاحیت پاکستانی بولنگ اٹیک خطرناک ثابت ہو گا : براڈ

انگلش پیسر کی میزبان بیٹسمنوں کو وارننگ ۔ مصباح الیون بھی تن آسانی کے متحمل نہیں ہوسکتے، غلطی کی تو خمیازہ بھگتنا ہوگا
لندن ، 30 جون (سیاست ڈاٹ کام) تجربہ کار انگلش بولر اسٹوارٹ براڈ نے اپنے بیٹسمنوں کو خبردار کیا ہے کہ آئندہ ماہ کی ٹسٹ سیریز میں پاکستان کا باصلاحیت بولنگ اٹیک ان کیلئے خطرناک ثابت ہو گا۔ کرکٹ ورلڈ کی رپورٹ کے مطابق براڈ نے مصباح الحق الیون کو بھی آگاہ کیا کہ انہیں صورتحال کو ہرگز آسان نہیں لینا چاہئے۔ انھوں نے کہا کہ انگلینڈ بولنگ کیلئے بہت ہی اچھی جگہ ہو سکتی ہے۔ تاہم اگر آپ نے غلطی کی تو پھر بھگتنا پڑے گا اور عام طور پر تیز رفتار بولرز کو انگلینڈ میں کافی جدوجہد کا سامنا کرنا پڑا ہے جیسے بریٹ لی۔ ان بولرز کی لائن اور لینتھ بگڑنے کی صورت میں دوبارہ صحیح بولنگ نہیں کر پاتے۔ ’’لیکن میرے خیال میں پاکستان بولنگ اٹیک بہت خطرناک ثابت ہو گا کیونکہ وہ بہت باصلاحیت ہیں۔‘‘ پاکستان اس وقت دنیا میں وہ واحد ٹیم ہے جسے انگلینڈ پر برتری حاصل ہے اور جس نے گزشتہ دونوں سیریز میں برطانوی ٹیم کو شکست سے دوچار کیا تھا۔ پاکستان نے انگلینڈ میں نو فتوحات حاصل کی ہیں لیکن انگلش وکٹوں پر ریکارڈ بہت مختلف ہے جہاں 2000ء کے بعد سے پاکستانی ٹیم صرف دو ٹسٹ جیت سکی جس میں ایک 2001ء اور دوسرا 2010ء میں اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل سے متاثرہ دورے میں جیتا گیا تھا۔ براڈ نے پاکستانی ٹیم کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان کے پاس چند عالمی معیاری کھلاڑی موجود ہیں، ہماری ٹیم متحدہ عرب امارات میں سیریز جیتنے کیلئے بہت اچھی نہیں تھی لیکن ہمیں معلوم ہے کہ کس خطرے کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ براڈ کو صرف پاکستانی بولنگ سے خطرہ نہیں بلکہ انھوں نے تجربہ کار بیٹنگ کو بھی چیلنج قرار دیا۔ انھوں نے کہا کہ ان کے پاس خصوصاً مڈل آرڈر میں خاصی اچھی تجربہ کار بیٹنگ لائن اپ موجود ہے اور انتہائی منجھا ہوا کوچنگ اسٹاف بھی ہے جس میں انگلش کرکٹ ٹیم کے ساتھ ایک عرصے تک کام کرنے والے مشتاق احمد بھی شامل ہیں۔ براڈ نے امید ظاہر کی کہ پاکستانی کھلاڑیوں کو انگلش کنڈیشنز اور ماحول سے کافی حد تک واقفیت ہو گی۔ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان چار ٹسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا آغاز 14 جولائی کو ہو گا، جبکہ اس ٹور میں پانچ ایک روزہ اور ایک ٹی ٹوئنٹی میچ بھی شامل ہیں۔