بارہ بنکی: زہریلی شراب حادثے کا کلیدی ملزم تصادم میں گرفتار

بارہ بنکی: 29 مئی(سیاست ڈاٹ کام)اترپردیش کے ضلع بارہ بنکی میں رام نگر کے رانی گنج میں زہریلی شراب حادثے میں کلیدی ملزم پپو جیسوال کو پولیس نے بد ھ کو پولیس کے ساتھ ہوئی مڈھ بھیڑ میں گرفتار کرلیا۔ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس اجے کمار سہانی نے بدھ کو بتایا کہ رانی گنج میں زہریلی شراب حادثے کے کلیدی ملزم پپو جیسوال کو رام نگر کے بھنڈ گاؤں میں امرئی پل کے نزدیک پولیس کے ساتھ تصادم کے بعد گرفتار کرلیا گیا۔ملزم کے پیر پر گولی لگی ہے ۔ زخمی حالت میں اسے لکھنؤ واقع ٹراما سنٹر بھیجا گیا ہے ۔ معاملے میں اب تک چار لوگوں کو گرفتار کیا جاچکا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ پیر کی رات رانی گنج میں زہریلی شراب پینے سے 17 لوگوں کی موت ہوگئی تھی جبکہ دیگر کئی افراد بیمار ہوگئے تھے ۔ دو کلید ی ملزموں پپو جیسوال اور دانویر سنگھ پر 20۔20 ہزار روپئے کے انعام کا اعلان کیا گیا تھا۔ پولیس نے شراب کاروباری کے رام نگر واقع گوداموں پر منگل رات چھاپہ مار کر وافر مقدار میں شراب برآمد کی ہے ۔ اس سے قبل پولیس نے شراب کی دوکان پر کام کرنے والے سنیل، پیتامبر و شیوم کو منگل کو ہی گرفتار کرلیا تھا۔