بارکس ‘ صلالہ میں پولیس کا کارڈن سرچ

حیدرآباد 27 فروری (سیاست نیوز) ساؤتھ زون پولیس نے بارکس صلالہ میں کارڈن سرچ آپریشن کیا جس کے دوران لینڈ گرابرس کے علاوہ گھڑ سواری کرنے والے افراد کو حراست میں لے لیا۔ ڈی سی پی ساؤتھ زون مسٹر وی ستیہ نارائنا کی نگرانی میں 350 پولیس عہدیداروں پر مشتمل ٹیم نے آج صبح 6 بجے بارکس میں جدید جیو ٹیاگنگ ٹیکنالوجی کے ذریعہ تلاشی مہم کا آغاز کیا جسکے ذریعہ 10 سزا یافتہ مجرمین اور 11 روڈی شیٹرس کو حراست میں لے لیا۔ پولیس نے اِس آپریشن کے ذریعہ لینڈ گرابنگ میں ملوث 20 افراد کی نشاندہی کرکے 6 مبینہ لینڈ گرابرس محمد رحمت، محمد سہیل، عبدالسردار اور دیگر کو حراست میں لے لیا۔ پولیس نے غیر قانونی طور پر چلائے جارہی شراب کی دوکان پر دھاوا کرکے بھاری مقدار میں شراب کی بوتلیں برآمد کرلیں۔ موٹر سیکلوں کے سرقہ کی وارداتوں میں ملوث ایک سارق غلام احمد کو بارکس سے گرفتار کرلیا گیا ۔ اُس نے بتایا کہ اُس نے سنتوش نگر، کنچن باغ اور چندرائن گٹہ علاقوں میں 6 موٹر سیکلوں کا سرقہ کرکے اُنھیں اسکراپ میں فروخت کردیا تھا۔ گھڑ سواری کے خلاف کارروائی میں پولیس نے 3 گھڑ سواروں کو گرفتار کرلیا جو بارکس میں گھڑ سواری کے ذریعہ عوام کو خوفزدہ کررہے تھے۔ مسٹر ستیہ نارائنا نے بتایا کہ بارکس میں غیر قانونی سرگرمیوں کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ کارڈن سرچ آپریشن میں اے سی پی فلک نما محمد تاج الدین احمد اور اے سی پی چارمینار کے اشوک چکرورتی بھی شامل تھے۔