بادلوں کے سبب جہازوں کے راڈار سے غائب ہونے کا مودی کا نظریہ مضحکہ خیز

مودی جی! کیا بارش میں تمام ہندوستانی جہاز راڈار سے غائب ہوجاتے ہیں: راہول
نیموچ (مدھیہ پردیش)۔ 15 مئی (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کے صدر راہول گاندھی نے سہ شنبہ کے دن وزیراعظم نریندر مودی کو ان کے اس بیان پر آڑے ہاتھوں لیا کہ انڈین ایرفورس کے لڑاکا طیاروں کو بادلوں کے آسمان پر چھاجانے کے سبب بالاکوٹ پر فضائی حملوں کے دوران پاکستان کے راڈار پر انہیں دیکھا نہ جاسکا۔ راہول گاندھی نے مودی کے اس بیان کا مذاق اڑاتے ہوئے ان سے پوچھا ’’مودی جی! کیا ہندوستان میں جب کبھی بارش ہوتی ہے تو آسمان میں اڑنے والے تمام ہوائی جہاز راڈار سے غائب ہوجاتے ہیں؟ کانگریس کے قائد راہول نے فلمی اداکار اکشے کمار کے ساتھ ان کی بات چیت کا بھی اپنے بیان میں درپردہ تذکرہ کیا۔ اس بات چیت میں وزیراعظم نے انکشاف کیا تھا کہ وہ جب بچے تھے تو آم کو بہت پسند کیا کرتے تھے اور آج بھی وہ آم کے دلدادہ ہیں۔ راہول نے کہا ’’مودی جی! آپ نے ہم کو سکھایا کہ آم کس طرح کھائے جاتے ہیں اب یہ بتائے کہ آپ نے بے روزگار نوجوانوں کے لیے کیا کیا؟ پرینکا گاندھی نے بھی مودی پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی تمام حقیقت عوام کے راڈار پر آچکی ہے۔ پرینکا نے مودی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ شعبہ دفاع کے اس قدر ماہر ہیں کہ تنہا خود انہوں نے فیصلہ کردیا کہ (ہمارے ملک میں) کس کمپنی کو جہاز بنانے ہیں۔