بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولرس وسیم اکرم کے مرہون منت : ڈی ویلیئرز

دبئی۔28 فروری (سیاست ڈاٹ کام ) جنوبی افریقی کرکٹر ابراہام ڈی ویلیئرز نے کہا ہیکہ پاکستان کو وسیم اکرم کی وجہ سے ایک سے بڑھ کر ایک بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولرس میسر آتے رہے ہیں جن کو دیکھ کر نوجوانوں میں فاسٹ بولنگ کا جذبہ بیدار ہوتا ہے۔ پی ایس ایل میں لاہور قلندرز سے منسلک ابراہام ڈی ویلیئرز نے کہا کہ پاکستان میں وسیم اکرم ایک پسندیدہ کرکٹر ہیں اورٹیم کو جو فاسٹ بولرس مل رہے ہیں ان میں سابق پاکستانی کپتان کا بھی نمایاں کردار ہے کیونکہ صرف ان کی کامیابیوں کو دیکھ کر بھی بہت سے نوجوان میں فاسٹ بولر بننے کا شوق پیدا ہوتا ہے۔ پاکستان سوپر لیگ میں بھی ایسے فاسٹ بولرس کی بڑی تعداد موجود ہے اور لاہور قلندرز میں شامل شاہین آفریدی بھی اس کی اہم مثال ہیں جن کی کارکردگی نے انہیں بھی بہت زیادہ متاثر کیا ہے۔ ویلیئرز کے بموجب پی ایس ایل میں بولنگ کا مجموعی معیار شاندار ہے اور وہ بھی اس ٹورنمنٹ میں کھیل کر اس وجہ سے خوشی محسوس کر رہے ہیں کہ پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی میں ان کا بھی حصہ ہوگا اور وہ پاکستان میں ہونے والے میچز میں بہترین کھیل پیش کرنے کی کوشش کریں گے۔ سابق کپتان کے مطابق پاکستانی ٹیم کی اسپرٹ انہیں ہمیشہ متاثر کرتی ہے جس کے کھلاڑی آسانی سے ہار نہیں مانتے تاہم موجودہ دور کی کرکٹ سے متعلق کسی بھی قسم کا اندازہ لگانا ممکن نہیں کیونکہ کوئی بھی ٹیم ہمیشہ جیت نہیں سکتی اور اسے کبھی کامیابی تو کبھی ناکامی کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے۔