ا66 ا ردو آفیسرس کی جائیدادوں کیلئے 2 اپریل سے آن لائن درخواستیں

اقلیتی طبقہ کا خیرمقدم،20 مئی کو امتحان: پروفیسر ایس اے شکور
حیدرآباد۔/30مارچ، ( سیاست نیوز) محکمہ اقلیتی بہبود میں پہلی مرتبہ کسی حکومت نے اردو آفیسرس کی 66 جائیدادوں پر تقررات کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلہ میں باقاعدہ اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے جن میں 6 جائیدادیں گریڈI اور 60 جائیدادیں گریڈ II کی ہوں گی۔2 اپریل سے ریاست بھر میں اہل امیدوار اردو آفیسرس گریڈ I اور اردو آفیسرس گریڈ II کی جائیدادوں کیلئے آن لائن درخواستیں داخل کرسکتے ہیں۔ اردو آفیسرس کی جائیدادوں سے متعلق اعلامیہ کی اجرائی کے بعد اقلیتوں اور اردو داں حلقہ میں خیرمقدم کیا جارہا ہے۔ امید کی جارہی ہے کہ بڑی تعداد میں امیدوار دونوں عہدوں کیلئے درخواستیں داخل کریں گے۔ حکومت نے تقررات کے سلسلہ میں تلنگانہ اردو اکیڈیمی کو نوڈل ایجنسی کی حیثیت سے منتخب کیا ہے اور اکیڈیمی نے جے این ٹی یو کے اشتراک سے آن لائن درخواستوں کے حصول اور پھر امتحانات کے انعقاد کے طریقہ کار کو قطعیت دی ہے۔ سکریٹری ڈائرکٹر اردو اکیڈیمی پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ حکومت نے گریڈI اور گریڈII جائیدادوں کیلئے درکار اہلیت کا تعین ماہرین سے مشاورت کے بعد کیا ہے۔ دیگر محکمہ جات میں اس رینک کے عہدوں کیلئے جو اہلیت درکار ہے اسی کے مطابق اردو آفیسرس کیلئے بھی اہلیت کا تعین کیا گیا۔ اردو آفیسر گریڈ I کا رتبہ اسسٹنٹ ڈائرکٹر گزیٹیڈ رینک ہوگا جبکہ گریڈ II عہدیدار سپرنٹنڈنٹ عہدہ کے حامل رہیں گے۔ حکومت نے ان جائیدادوں کیلئے سرویس رولس تیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ دیگر سرکاری عہدیداروں کی طرح انہیں بھی وقتاً فوقتاً پرموشن حاصل ہوسکے۔ tsua.in ویب سائیٹ پر مکمل اعلامیہ ملاحظہ کیا جاسکتا ہے جس میں ماڈل پیپر اور نصاب بھی شامل ہے۔ پروفیسر ایس اے شکور نے کہا کہ20 مئی اتوار کو دونوں جائیدادوں کیلئے امتحانات منعقد کئے جائیں گے۔ امیدواروں کی تعداد کے اعتبار سے مراکز کا تعین کیا جائے گا۔ زائد امیدواروں کی صورت میں ایک سے زائد مراکز قائم کئے جائیں گے۔ گریڈ I جائیدادوں کیلئے امتحانی فیس 600 روپئے جبکہ گریڈ II کیلئے 500 روپئے مقررکی گئی ہے۔ یہ فیس آن لائن ادا کرنی ہوگی۔ گریڈI جائیدادوں کیلئے 200 نشانات پر مشتمل امتحانی پرچہ رہے گا جس میں 75 نشانات MCQ کے ہوں گے جبکہ 125 نشانات تحریری امتحان کے ہوں گے۔ 30 نشانات زبانی امتحان کیلئے مقرر کئے گئے ہیں۔ گریڈ II عہدہ کیلئے 200 نشانات کا تحریری امتحان ہوگا جس میں 75 نشانات MCQ کے ہوں گے جبکہ 125 تحریری ٹسٹ کے ہوں گے۔ دونوں زمرہ جات کے تحت لیٹر رائٹنگ، مضمون اور ترجمہ کا امتحان لیا جائے گا۔ ترجمہ کے سلسلہ میں امیدوار کو اردو سے تلگو یا انگلش اور تلگو سے اردو یا انگریزی میں ترجمہ کرنا ہوگا۔ تقررات کے سلسلہ میں روسٹر سسٹم پر عمل آوری ہوگی۔ ایس سی، ایس ٹی، بی سی امیدواروں کی عدم دستیابی کی صورت میں مذکورہ نشستوں کو عام زمرہ میں تبدیل کیا جائیگا۔انتخاب کے بعد چیف منسٹر آفس، اسمبلی، کونسل، ریاستی وزراء، ضلع کلکٹریٹس، ڈی جی پی، کمشنر اور دیگر دفاتر میں تعیناتی عمل میں آئے گی۔امیدواروں کی عمر 21 تا44 سال ہونی چاہیئے۔ خواتین کیلئے 33 فیصد تحفظات رہیں گے۔ گریڈ I کیلئے اسکیل 37100-91450 رہے گا جبکہ گریڈII کا اسکیل 29840-78910 رہے گا۔