اے پی کے بی جے پی قائد وشنو کمار راجو کی چندرا بابو سے ملاقات

ملاقات کی وجہ کا عدم انکشاف، قائدین کا اظہار تعجب

حیدرآباد۔/19 مئی، ( سیاست نیوز) آندھرا پردیش ریاستی بی جے پی قائد مسٹر وشنو کمار راجو جنہوں نے ریاست میں انتخابی مہم کے دوران نہ صرف تلگودیشم پارٹی بلکہ چندرا بابو نائیڈو کو غیر شائستہ الفاظ میں سخت تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ آج اچانک اے پی بھون نئی دہلی میں قومی صدر تلگودیشم سے ملاقات کرنے کیلئے پہنچ گئے اور بتایا کہ وہ چندرا بابو سے خیرسگالی ملاقات کیلئے پہنچے ہیں۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہے کہ چندرا بابو جو کہ غیر بی جے پی سیاسی جماعتوں کو متحد کرنے کیلئے علحدہ علحدہ طور پر دہلی میں قیام کرتے ہوئے ملاقات کررہے ہیں اور اس کے علاوہ قومی سطح پر غیر بی جے پی حکومت کے قیام کو یقینی بنانے تمام مختلف پارٹیوں کے قائدین کے ساتھ تبادلہ خیال کرکے ذہن سازی کرنے میں مصروف ہیں۔ اسی اثناء میں بی جے پی قائد مسٹر وشنو کمار راجو کے اچانک اے پی بھون پہنچ کر مسٹر چندرا بابو سے ملاقات کی کوشش کرنا ہر کسی کو تعجب و حیرت میں ڈال دیاہے۔ اے پی بھون کے ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ قومی سطح پر پائے جانے والے حالات کو پیش نظر رکھتے ہوئے چندرا بابو سے ملاقات کرکے تلگودیشم میں شامل ہونے کی راہ ہموار کرلینے کی کوشش بھی ہوسکتی ہے۔ یا بی جے پی کے قاصد کے طور پر کوئی پیام پہنچانے کی کوشش بھی ہوسکتی ہے۔