اے پی کی گاڑیوں پر تلنگانہ میں ٹیکس نافذ

محکمہ ٹرانسپورٹ کے احکام پر آج سے عمل آوری

حیدرآباد 31 مارچ (سیاست نیوز) آندھراپردیش سے تلنگانہ میں داخل ہونے والی تمام ٹرانسپورٹ اور کمرشیل گاڑیوں کو جن میں پاسنجر آٹو رکشا بھی شامل ہے، یکم اپریل سے موٹر وہیکل ٹیکس ادا کرنا ہوگا۔ تلنگانہ کے محکمہ ٹرانسپورٹ سے جاری کردہ ایک حکمنامہ کے مطابق ’’تمام ٹرانسپورٹ گاڑیاں جن میں کنٹراکٹ کیریجس، موٹر کیبس، میکسی کیبس، کمرشیل ٹریکٹر ٹریلرس، پاسنجر آٹو رکشاؤں کو آندھراپردیش سے ریاست تلنگانہ میں داخلہ پر دوسری ریاست کی گاڑیاں تصور کیا جائے گا اور ان پر گاڑیوں کے زمرہ کے مطابق واضح مقررہ شرحوں کے مطابق موٹر وہیکل ٹیکس کا نفاذ ہوگا‘‘۔ اس اقدام کے نتیجہ میں دونوں ریاستوں کے درمیان ٹرانسپورٹ کی قیمت میں اضافہ ہوگا۔ آندھراپردیش تنظیم جدید قانون کے تحت ماضی میں متحدہ آندھراپردیش کی حکومت نے یہ احکام جاری کئے تھے جس کی بنیاد پر حکومت تلنگانہ نے یہ فیصلہ کیا ہے۔ اس قانون میں کہا گیا تھا کہ دونوں ریاستوں کے لئے 31 مارچ 2015 ء تک کسی بھی سہ ماہی کیلئے سہ ماہی ٹیکس ادا کیا جاسکتا ہے لیکن اس کے بعد آئندہ متعلقہ حکومتیں ہی ٹیکس کی شرح کے بارے میں فیصلہ کرسکتی ہیں۔