اے پی کو پہلا مقام ملنے پر چندرا بابو نائیڈو کا اظہار مسرت

وجئے واڑہ 31 اکٹوبر ( پی ٹی آئی ) چیف منسٹر آندھرا پردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے فروغ تجارت میں آندھرا پردیش کو بھی پہلا مقام ملنے پر مسرت کا اظہار کیا ہے اور اس کامیابی کیلئے سرکاری محکمہ جات کو مبارکباد دی ہے ۔ تلنگانہ اور آندھرا پردیش کو اس فہرست میں اول مقام حاصل ہوا ہے ۔ یہ مقام صنعتی پالیسی اور فروغ کے محکمہ کی اصلاحات کی وجہ سے مل سکا ہے ۔ چیف منسٹر آندھرا پردیش نے اپنی کابینہ کے اجلاس کے بعد کہا کہ وہ خوش ہیںکہ آندھرا پردیش کو اس سلسلہ میں ملک بھر میں پہلا مقام حاصل ہوا ہے ۔ ریاست کو جملہ 98.78 فیصد نشان حاصل ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس کامیابی پر حکومت کے تمام محکمہ جات کو مبارکباد دیتے ہیں۔ خاص طور پر انہوں نے محکمہ صنعت و تجارت کو اس کی کوششوں پر مبارکباد دی اور کہا کہ اس کی کوششوں کی وجہ سے ریاست کویہ مقام حاصل ہوا ہے ۔