اے پی کونسل کے لیے پی نارائنا ٹی ڈی پی امیدوار

حیدرآباد ۔ 31 ۔ جولائی : ( پی ٹی آئی ) : تلگو دیشم پارٹی آندھرا پردیش قانون ساز کونسل کی مخلوعہ نشست پر 21 اگست کو ہونے والے ضمنی انتخابات میں اپنے امیدوار کی حیثیت سے وزیر شہری ترقیات پی نارائنا کو میدان میں اتارے گی ۔ پی نارائنا جو کہ نارائنا گروپ آف انسٹی ٹیوشن چلاتے ہیں کو چندرا بابو نائیڈو نے اپنی کابینہ میں شامل کیا تھا جب کہ وہ قانون ساز اسمبلی کے رکن نہیں ہیں ۔ قانون ساز کونسل کے کانگریسی رکن کے ویرا بھدرا سوری کے استعفیٰ سے یہ نشست خالی تھی ۔ تلگو دیشم پارٹی ذرائع نے بتایا کہ نارائنا کا انتخاب صحیح انتخاب ہے ۔ نارائنا کو 8 جون کوکابینہ میں شامل کیا گیا تھا ۔ اندرون چھ ماہ انہیں قانون ساز ادارے کے لیے منتخب ہونا ہے ۔ الیکشن کمیشن آف انڈیا کی جانب سے 4 اگست کو نوٹیفیکشن جاری کیا جائے گا ۔ نامزدگی ادخال کی تاریخ 11 اگست ہے اور دستبرداری کی آخری تاریخ 14 اگست کو ہوگی اور اس روز نتیجہ کا اعلان کردیا جائے گا ۔ ریاستی چیف الیکٹرول آفیسر نے یہ بات بتائی ۔ تلگو دیشم کو توقع ہے کہ وہ اس نشست پر کامیابی حاصل کرلے گی ۔ قانون ساز اسمبلی میں تلگو دیشم کے ارکان کی تعداد 175 ہے ۔۔