اے پی میں 3.15 لاکھ غرباء کیلئے امکنہ کی تیاری

وجئے واڑہ ، 29اپریل(یواین آئی )حکومت آندھراپردیش نے مالیاتی سال2017-18میں دیہی علاقوں میں 3,787 کروڑ روپئے کے صرفہ سے بے گھر غریبوں کے لئے 3.15لاکھ مکانات تعمیر کئے ۔ سرکاری ذرائع کے مطابق ریاستی محکمہ ہاؤزنگ نے 3,787 کروڑ روپئے کے صرفہ کے ذریعہ غریبوں کے لئے 3.15لاکھ مکانات کی تعمیر کا نیا ریکارڈبنایا ہے ۔اتنے بڑے پیمانہ پر مکانات کی تعمیر قبل ازیں ریاست میں کبھی نہیں ہوئی۔گزشتہ چار برسوں میں 5,261کروڑروپئے سے 4,82,486مکانات کی تعمیر عمل میں لائی گئی۔حکومت کا مقصد ریاست کے ہر بے گھر غریب کو مکان فراہم کرنا ہے ۔حکومت نے مالیاتی سال2017-18کے دوران مکانات کی تعمیر کیلئے 3,679کروڑروپے الاٹ کئے ہیں ۔حکومت نے مارچ 2019کے اواخر تک غریبوں کے لئے 5.64 لاکھ مکانات کی تعمیر کانشانہ مقررکیا ہے ۔