اے پی الیکٹرسٹی ریگولیٹری کمیشن ذمہ داری کے ساتھ کام کرے گا

جسٹس جی بھوانی پرساد کی دوسری میعاد کے لیے بحیثیت چیرمین حلف برداری
حیدرآباد ۔ 29 ۔ اپریل : ( این ایس ایس ) : جسٹس جی بھوانی پرساد نے آج دوسری میعاد کے لیے آندھرا پردیش الیکٹرسٹی ریگولیٹری کمیشن کے چیرمین کی حیثیت سے عہدہ کا جائزہ حاصل کیا ۔ انہوں نے اس بات کا تیقن دیا کہ کمیشن برقی شعبہ کی ترقی کے لیے پوری ذمہ داری کے ساتھ کام کرے گا اور صارفین کے بھروسہ کو برقرار رکھنے کے لیے مزید اقدامات کرے گا ۔ انہوں نے کہا کہ تین سال کے اندر بین الاقوامی معیار کے مطابق ریاست میں 24×7 برقی سربراہی کرنے کے لیے حکومت کا عزم ایک تاریخی اقدام ہے ۔ جس سے صنعتوں کو فروغ حاصل ہوگا ۔ سنگارینی بھون حیدرآباد میں منعقدہ اس حلف برداری تقریب کی صدارت چیف سکریٹری حکومت آندھرا پردیش ایس پی ٹکر نے کی اور جسٹس بھوانی پرساد کو عہدہ کا حلف دلایا ۔ اس تقریب میں کمیشن کے ممبرس پی رام موہن اور ڈاکٹر پی رگھو ، اجئے جین پرنسپال سکریٹری انرجی ، کے وجئے نند ایم ڈی اے پی جینکو و سی ایم ڈی اے پی ٹرانسکو اور دیگر سینئیر عہدیداروں نے شرکت کی ۔۔