اے پی اسمبلی انتخابات میں تلگودیشم کو سبقت ملے گی، پارلیمنٹ کی پانچ نشستوں پر کامیابی

جنا سینا کو اسمبلی کی تین نشستیں جبکہ پارلیمنٹ کی کوئی نشست نہیں ملے گی، لگڑاپاٹی راج گوپال کا ایکزٹ پول

حیدرآباد 19 مئی (سیاست نیوز) ریاست آندھراپردیش میں منعقدہ عام انتخابات کے سلسلہ میں سینئر قائد و سابق رکن پارلیمان ایل راج گوپال کی جانب سے تازہ ترین انتخابی نتائج سے متعلق ایکزٹ پول کا اعلان کیا اور بتایا کہ ان انتخابات میں ریاست آندھراپردیش کے عوام سیکل پر سوار ہونے اور ریاست تلنگانہ کے عوام نے کار میں سوار ہونے کا فیصلہ کیا ہے اور اس طرح راج گوپال نے اعداد و شمار کے ساتھ ایکزٹ پول میں بتایا کہ اے پی میں تلگودیشم پارٹی کی کامیابی کا اظہار کیا اور بتایا کہ ریاست میں وائی ایس آر کانگریس پارٹی نے سخت مقابلہ ضرور کیا ہے۔ اس کے باوجود اس مرتبہ تلگودیشم پارٹی کو 100 نشستیں (دس نشستیں کم زیادہ) حاصل ہوں گی۔ اسی طرح وائی ایس آر کانگریس پارٹی کو 72 نشستیں (سات نشستیں کم زیادہ) حاصل ہوں گی۔ علاوہ ازیں جنا سینا پارٹی و دیگر کو صرف تین نشستیں (دو نشستیں کم زیادہ) حاصل ہونے کی ایل راج گوپال نے قیاس آرائی کی۔ انھوں نے مزید بتایا کہ کسی بھی پارٹی کی کامیابی کا دار و مدار صرف دو فیصد اضافی ووٹوں کے مابین رہے گا۔ اس طرح تلگودیشم پارٹی کو 43 فیصد ووٹ حاصل ہونے وائی ایس آر کانگریس پارٹی کو 41 فیصد ووٹ حاصل ہونے کا اظہار کیا گیا اور جنا سینا پارٹی کو 11 فیصد ووٹ حاصل ہوسکیں گے۔ اور ان ووٹوں کے فیصد میں ایک فیصد کم زیادہ ہوسکیں گے۔ ایل راج گوپال نے ریاست آندھراپردیش میں لوک سبھا نشستوں کے تعلق سے بتایا کہ تلگودیشم پارٹی کو لوک سبھا کی 15 نشستوں پر (دو نشستیں کم زیادہ) اور وائی ایس آر کانگریس پارٹی کو دس نشستوں پر (دو نشستیں کم زیادہ) کامیابی حاصل ہوگی۔ جبکہ جنا سینا و دیگر پارٹیوں کو ایک بھی نشست پر کامیابی حاصل نہیں ہوسکے گی۔ راج گوپال نے قومی سطح پر انھیں حاصل ہونے والی اطلاعات کے مطابق بتایا کہ اس مرتبہ قومی سطح پر معلق (ہنگ) لوک سبھا ہوگی اور سمجھا جارہا ہے کہ اکثریت کے قریب آکر این ڈی اے رہ جائے گی۔