اے ٹی ایم کے فی ماہ 5 سے زیادہ مرتبہ استعمال پر آج سے فیس

نئی دہلی ۔ 31 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) رقم نکالنے یا دیگر مقاصد جیسے بیالنس انکوائری کیلئے اے ٹی ایم کو ایک مہینہ میں 5 مرتبہ سے زیادہ استعمال کرنے پر کل سے فی استعمال 20 روپئے کی لیوی (فیس) عائد ہوا کرے گی۔ ریزرو بینک کے نئے رہنمایانہ خطوط کے مطابق جو کل سے نافذالعمل ہورہے ہیں، 6 میٹرو شہروں دہلی، ممبئی، چینائی، کولکتہ، حیدرآباد اور بنگلور کے بینک کسٹمرس کو اپنے سیونگ یا کرنٹ کھاتے والے بینکوں کے اے ٹی ایمس میں رقم نکالنے یا کوئی دیگر غیرمالیاتی لین دین جیسے مِنی اسٹیٹمنٹ کے حصول کی کوئی فیس کے بغیر صرف مہینہ میں 5 مرتبہ اجازت رہے گی۔ اس کے بعد سے ہر معاملت پر 20 روپئے فی استعمال عائد ہوا کریں گے۔ علاوہ ازیں نان ہوم بینکس کے اے ٹی ایمس میں فری معاملتوں کی تعداد فی مہینہ 5 مرتبہ سے گھٹا کر 3 مرتبہ کردی گئی۔