اے ٹی ایم کارڈ کی دھوکہ، خانگی ملازم گرفتار

حیدرآباد 30 اکٹوبر (سیاست نیوز) ایس آر نگر پولیس نے اے ٹی ایم کارڈ کی دھوکہ دہی میں ملوث ایک خانگی ملازم کو گرفتار کرلیا اور اُس کے قبضہ سے نقد رقم اور مسروقہ طلائی زیورات برآمد کرلئے۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ویسٹ زون مسٹر اے وینکٹیشور راؤ نے بتایا کہ 33 سالہ ایم ویریا چودھری ساکن کوکٹ پلی اے ٹی ایم سنٹرس پر عوام کی توجہ ہٹاکر خفیہ طور پر اُن کے پن نمبر حاصل کرنے کے بعد نقد رقم نکال لیا کرتا تھا۔ انھوں نے کہاکہ ویریا چودھری کا تعلق ضلع پرکاشم سے ہے اور سابق میں اُسے کتہ کوٹہ اور لالہ پیٹ پولیس ضلع گنٹور نے 2016 ء میں گرفتار کیا تھا۔ جیل سے رہا ہونے کے بعد دوبارہ سرگرم ہوگیا اور وہ علاقہ ایس آر نگر ، صنعت نگر، پیٹ بشیرآباد، چندا نگر اور میاں پور علاقوں میں عوام کی توجہ ہٹاکر اُن کے اے ٹی ایم کارڈس کا سرقہ کرلیا کرتا تھا۔ ایس آر نگر پولیس کی ٹیم نے سی سی ٹی وی کی مدد سے چودھری کی نشاندہی کرتے ہوئے اُسے حراست میں لے لیا۔ ڈی سی پی نے مزید کہاکہ یلاریڈی گوڑہ کے ساکن مسٹر شریف نے اس مبینہ طور پر دھوکہ باز سارق کی نشاندہی میں اہم رول ادا کیا ہے اور اُنھوں نے اس کی ستائش کی۔ ایس آر نگر پولیس نے سارق کے قبضہ سے دو لاکھ نقد رقم اور 5 تولے طلائی زیورات برآمد کرلئے اور بعدازاں اُسے جیل منتقل کردیا۔