اے سی کلاس کرایوں اور مال برداری شرح میں اضافہ

اچھے دن آنے والے ہیں … !!!
نئی دہلی 30 مئی (سیاست ڈاٹ کام) پاسنجر ٹرینس کے فرسٹ کلاس اور اے سی کلاس کرایوں اور شرح مال برداری میں یکم جون سے 0.5 فیصد اضافہ کیونکہ اتوار سے نیا سرویس ٹیکس نافذالاثر ہوجائے گا۔ وزارت ریلوے کے ایک سینئر عہدیدار نے کہاکہ اے سی کلاس، فرسٹ کلاس اور مال برداری کے ریلوے کرایوں پر فی الحال 3.708 فیصد سرویس ٹیکس تھا جو یکم جون سے 4.2 فیصد ہوجائے گا۔ جس کا مطلب یہ ہوا کہ ان زمروں کے کرایوں اور مال برداری شرح میں ’صرف‘ 0.5 فیصد کا اضافہ ہوگا‘‘۔ اُنھوں نے کہاکہ ’’اگر اے سی کا کرایہ 1000 روپئے ہے تو آپ کو اس پر 10 روپئے زائد ادا کرنا ہوگا۔ یکم جون اور اس کے بعد خریدے جانے والے ٹکٹوں پر اضافہ شدہ سرویس ٹیکس کا اطلاق ہوگا‘‘۔ اُنھوں نے کہاکہ پاسنجر کرایوں میں اضافہ کا اطلاق صرف اے سی اور فرسٹ کلاس میں ہوگا لیکن ریلوے کے ذریعہ منتقل کی جانے والی تمام اشیاء پر اضافہ شدہ سرویس ٹیکس کا اطلاق ہوگا۔ ریلوے کے اس عہدیدار نے کہاکہ یہ اضافہ بالکل معمولی ہے اور عام بجٹ تجاویز کے مطابق یہ اضافہ کیا گیا ہے۔