اے سی پی ایل بی نگر سیتارام معطل لینڈ گرابرس کی پشت پناہی کا الزام

حیدرآباد /31 مارچ ( سیاست نیوز ) لینڈ گرابرس اور غنڈہ عناصر سے ملی بھگت اور عوام کو ہراسانی کا سامنا ایک اے سی پی کیلئے مہنگا ثابت ہوئی اور ڈائرکٹر جنرل آف پولیس تلنگانہ مسٹر انوراگ شرما نے اے سی پی ، ایل بی نگر مسٹر سیتارام کو خدمات سے معطل کردیا ۔ اس اے سی پی پر غنڈہ عناصر سے ملی بھگت اور لینڈ گرابرس کی پشت پناہی کے الزامات پائے جاتے ہیں اور اس عہدیدار کے خلاف ایک ہاوزنگ سوسائٹی کی عوام اور کئی افراد نے کئی شکایتیں کی تھیں ۔ پریشان حال عوام نے اعلی عہدیداروں کو بارہا شکایتیں کرنے کے بعد مسئلہ کو ڈی جی پی سے رجوع کردیا تھا ۔ جس پر اقدامات کرتے ہوئے ڈی جی پی تلنگانہ اس اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس ایل بی نگر کے خلاف تحقیاقت کروائیں اور بالا آخر الزامات اور تحقیقات کی رپورٹ کو دیکھتے ہوئے اے سی پی سیتارام کو معطل کردیا ۔ باوثوق ذرائع کے مطابق آر کے پورم علاقہ میں واقعہ ایک اراضی جس پر ہاوزنگ سوسائٹی قائم تھی ۔ چند سینئیر گزیٹیڈس نے غنڈہ عناصر کی مدد سے اس اراضی پر مبینہ طور پر قبضہ کرلیا اور جو بھی مکان تعمیر کروانے کی کوشش کتا ان سے 5 تا 10 لاکھ اور مزید زائد رقم کا مطالبہ کیا جاتا دیگر صورت میں انہیں مکان تعمیر کرنے کی اجازت نہیں دی جاتی اور ان افراد کو اے سی پی کی پشت پناہی حاصل تھی جس کا ان کو بھی حصہ دیا جاتا تھا ۔