ای ڈی نے واڈرا کو سمن جاری کیا، جمعرات کو پوچھ گچھ

نئی دہلی، 29 مئی (سیاست ڈاٹ کام) انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ (ای ڈی) نے کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی کے شوہر رابرٹ واڈرا کو پوچھ گچھ کیلئے تازہ سمن جاری کیا ہے ۔ ای ڈی نے واڈرا کو دہلی این سی آر، بیکانیر میں زمین معاملے اور بیرون ملک دیگر بے نامی جائیداد کے سلسلے میں پوچھ گچھ کیلئے جمعرات کو بلایا ہے ۔ دوبئی کے جمیریا میں 14 کروڑ کے ایک وِلا اور لندن میں 26 کروڑ روپے کا ایک فلیٹ بے نامی جائیداد کے معاملے واڈرا سے پوچھ گچھ کیلئے تازہ سمن جاری کیا ہے ۔
ای ڈی نے اس سے پہلے واڈرا کو آٹھ بار پوچھ گچھ کے لئے بلایا ہے ۔ دہلی ہائی کورٹ نے رابرٹ واڈرا کو منی لانڈرنگ معاملے میں ملی پیشگی ضمانت کو ای ڈی کی جانب سے منسوخ کرانے کے مطالبے پر پیر کو نوٹس جاری کرکے ان سے 17 جولائی تک جواب مانگا تھا۔ ای ڈی نے تفتیش میں تعاون نہ کرنے کا الزام لگاتے ہوئے واڈرا کو حراست میں دیئے جانے کا مطالبہ کیا ہے ۔ اس نے کہا کہ منی لانڈرنگ کیس کی مکمل سچائی کا پتہ لگانے کے لئے واڈرا سے پوچھ گچھ کرنا ضروری ہے ۔