ای پاس پر کئی کالجوں کے نام حذف،درخواستوں کے آن لائن ادخال میں طلبہ کو مشکلات

حیدرآباد ۔ 30 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : پوسٹ میٹرک اسکالر شپس کے لیے درخواستوں کے ادخال میں طلبہ اور اولیائے طلبہ کو کافی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ سب سے اہم مسئلہ یہ ہے کہ اسکالر شپس کے لیے ای پاس پر تعلیمی اداروں کے ناموں کا اندراج ضروری ہے ۔ جن تعلیمی اداروں کا نام فہرست میں موجود ہے ان کے طلبہ کی درخواستیں قبول کی جارہی ہیں ۔ اور جن کالجس کے ناموں کو حذف کردیا گیا ہے ان میں زیر تعلیم طلبہ جب درخواستوں کے آن لائن ادخال کے لیے پہنچ رہے ہیں تب ان کی درخواستوں کو ای پاس میں کالجس کے ناموں کا اندراج نہ ہونے کے باعث قبول نہیں کیا جارہا ہے ۔ اس مسئلہ کے حل سے متعلق سوال پر سیاست ہیلپ لائن کے ذمہ داروں نے بتایا کہ سب سے پہلے ان کالجس کے ناموں کا اندراج ای پاس پر کروایا جانا چاہئے جن کے ناموں کو حذف کردیا گیا ہے ان ناموں کے اندراج کے بعد ہی ان کالجوں میں زیر تعلیم طلبہ کی درخواستیں قبول کی جائیں گی ۔ اب کالج انتظامیہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ طلبہ کو مشکلات سے بچانے کے لیے ای پاس پر اپنے کالجس کے نام دوبارہ درج کروائیں ۔۔