ای وی ایم مشینوں سے متعلق شکوک و شبہات دور کرنا ضروری

میدک میں انتخابی امور سے متعلق تربیتی اجلاس سے ضلع کلکٹر کے دھرما ریڈی کا خطاب
میدک۔/27فروری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) پارلیمانی انتخابات کے انعقاد کیلئے عنقریب اعلامیہ کی اجرائی عمل میں آئے گی۔ جس کی اجرائی سے قبل متعلقہ عہدیداروں کو چاہیئے کہ سرکاری ملازمین کو اور دیگر عہدیداروں کے تفویض کئے جانے والے انتخابی عمل سے متعلق قواعد کوڈ سے واقفیت کیلئے تربیتی کلاسیس عمل میں لائیں۔ انتخابی عمل کی شرائط و ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والے ملازمین کے خلاف فوجداری مقدمات درج کئے جائیں گے۔ اسمبلی انتخابات کی طرح لوک سبھا انتخابات بھی مکمل طور پر شفافیت کے ساتھ منعقد کرنا ہوگا۔ ریٹرننگ آفیسربرائے میدک لوک سبھا و ضلع کلکٹر میدک مسٹر کے دھرما ریڈی میدک کلکٹریٹ آڈیٹوریم میں متحدہ ضلع میدک کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ منعقدہ ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اپنے ان خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے ذہنوں سے ای وی ایم مشینوں کے تعلق سے موجود شکوک و شبہات کو ختم کرنا ضروری ہے۔ جس کے لئے شعور بیداری لازم ہے۔

ضلعی عہدیداروں کو چاہیئے کہ پارلیمانی الیکشن کیلئے نوڈل آفیسرس ، سیکٹوریل آفیسرس، اسسٹنٹ الیکشن آفیسرس، فلائنگ اسکواڈ ٹیموں کے عہدیداروں ، پریسائیڈنگ آفیسرس، اسسٹنٹ پریسائیڈنگ آفیسرس کی خدمات کی انجام دہی کیلئے عہدیداروں کے ناموں کو قطعیت دے دینا ہوگا۔ علاوہ ازیں دیگر پولنگ آفیسرس کی لسٹ کو بھی قطعیت دینا چاہیئے۔ ضلع کلکٹر دھرما ریڈی نے کہا کہ متحدہ ضلع میدک میں شامل اضلاع میدک، سدی پیٹ، سنگاریڈی کے عہدیداروں میں ایک دوسرے میں روابط و اشتراک قائم رکھنا ہوگا۔ سی ویجل ایپ سے متعلق جانکاری بھی ہونی چاہیئے۔ سیکٹوریل عہدیداروں سے کہا کہ پولنگ تناسب اور پول اسٹار اپلکیشن سے متعلق پریسائیڈنگ آفیسرس کو معلومات فراہم کرنے کیلئے تربیت بھی دی جائے ۔ ضلع کلکٹر نے کہا کہ انتخابی قواعد و ضوابط کے تحت سرکاری عمارتوں ، عوامی املاک پر رائے دہی سے متعلق تحریریں کرنا جرم ہوگا۔ عہدیداروں کو چاہیئے کہ عوامی شعور کیلئے ’’ ماک پولنگ ‘‘ بھی رکھنا ہوگا۔ اس اجلاس میں سدی پیٹ، سنگاریڈی کے کلکٹرس، عہدیداران پولیس ، ضلع جوائنٹ کلکٹر ناگیش، ڈسٹرکٹ ریونیو آفیسر سیتا راما راؤ، سدی پیٹ اسسٹنٹ کمشنر پولیس نرسمہا ریڈی کے علاوہ دیگر عہدیدار بھی موجود تھے۔