ای وی ایم سے متعلق عوام میں شعور بیداری ضروری

جگتیال میں جائزہ اجلاس سے ضلع کلکٹر اے شرت کی مخاطبت

جگتیال 24؍ فبروری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع الیکشن آفیسر و ضلع کلکٹر ڈاکٹر اے شرٹ نے دفتر ضلع کلکٹر میں لوک سبھا انتخابات کی تشہیری مہم کے سلسلے میں ’’انتخابی مدارس‘‘ چناؤ پاٹھشالہ کے عنوان سے آج گشتی گاڑیوں کا افتتاح کیا ۔ اس موقع پر ضلع الیکشن آفیسر نے کہاکہ ان گاڑیوں کے افتتاح کا اہم مقصد عوام میں انتخابات سے متعلق اور رائے دہی کے عمل سے متعلق شعور کو بیدار کرنا ہے ۔انہوں نے کہاکہ ای وی ایم اور وی وی پیاٹ جیسی مشینوں سے متعلق ضلع کے ہر علاقے میں خصوصاً درج شدہ بالغ رائے دہندوں میں شعور بیدار کرنا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ہندوستان دنیا کا سب سے بڑا جمہوری مملکت ہے جہاں عوام کو اپنے ذریعہ ڈالے جانے والے ووٹ پر اعتماد کا ہونا ضروری ہے ۔ اس مقصد کی خاطر الیکشن کمیشن نے گذشتہ منعقدہ انتخابات میں ایک نئی مشین وی وی پیاٹ کے نام سے متعارف کروائی جس کے بارے میں نئی نسل کو واقفیت ہونا ضروری ہے اور ساتھ ہی ساتھ تمام رائے دہندوں میں اعتماد کا ہونا ضروری ہے ۔ شفاف انتخابی عمل اور کامیاب جمہوریت کے لئے اس طرح کی سرگرمیاں بے حد ضروری ہیں ۔ ان تشہیری سواریوں کے ذریعہ نہ صرف انتخابی طریقے کار اور انتخابی مشینوں بلکہ عوام کی رہنمائی کے لئے متعارف کئے گئے 1950 ہیلپ لائن سنٹرکے بارے میں بھی شعور بیدار کرنا ہے ۔ اس رہنمائی کے مرکز کی امتیازی خصوصیت یہ ہے کہ عوام ملک کے کسی بھی مقام سے اس ٹول فری نمبر پر بذریعہ فون رابطہ کرتے ہوئے اپنے شبہات کو دور کرسکتے ہیں جیسے ووٹر لسٹ میں اپنے ناموں کااندراج کا طریقہ ‘ ناموں کو نکالنے ‘اپنے نام کو کسی دوسرے حلقہ جات میں منتقل کرنے اور اپنے مراکز رائے دہی ‘ اپنے رائے دہی کے مرکز کا روٹ میاپ ‘ اپنے بی ۔ ایل ۔ او وغیرہ کی تفصیلات اور دیگر مختلف امور جو انتخابات سے متعلق ہوں معلوم کرسکتے ہیں۔ ضلع الیکشن آفیسر نے اس موقع پر کہا کہ عوام ان سنہری مواقعوں سے ضرور مستفید ہونے کی کوشش کریں ۔