ایک ہفتہ میں زیر زمین کچہرا دان : مئیر

حیدرآباد۔30جنوری(سیاست نیوز) شہر میں سڑکوں پر کچہرے کادور ختم ہوجائے گااور کچہرا اب زیر زمین کچہرے دانوں میں ڈالا جائے گا۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے بہت جلد دونوں شہروں کے مختلف مقامات پر زیر زمین کچہرے دانوں کی تنصیب عمل میں لائی جائے گی۔ مئیر جی ایچ ایم سی مسٹر بی رام موہن نے بتایا کہ شہر کے مختلف مقامات پر یہ کچہرے دان نصب کئے جائیں گے اور ابتداء میں یہ کچہرے دان دواخانوں کے قریب نصب کئے جائیں گے۔ حالیہ عرصہ میں کئے گئے سروے کے دوران 1116ایسے مقامات کی نشاندہی کی گئی ہے جہاں کھلے میں کچہرا ڈالا جاتا ہے لیکن آئندہ ہفتہ جی ایچ ایم سی کی جانب سے 40مقامات پر زیر زمین کچہرے دانوں کی تنصیب عمل میں لائی جائے گی جو کہ انتہائی عصری کچہرے دان ہوں گے ۔ مئیر جی ایچ ایم سی کے بموجب ایک کچہرے دان کی تنصیب کیلئے 5.5لاکھ کا تخمینہ لگایا گیا ہے تاکہ شہر میں صفائی کے انتظامات کو بہتر بنایا جا سکے۔ اس عصری زیر زمین کچہرے دان میں خشک و تر کچہرے کو علحدہ ڈالنے کی سہولت حاصل رہے گی اور اس زیر زمین کچہرے دان کو مکمل بھرنے کے بعد ہی کھولا جا سکے گا۔ شہر میں 100یوم کے ترقیاتی منصوبہ کے تحت اس زیر زمین کچہرے دانوں کی تنصیب کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ سڑکوں کی صاف صفائی کویقینی بنایا جائے۔ اب تک کے تجربات سے جو مشکلات سامنے آئی ہیں انہیں دیکھنے کے بعد اس بات کا فیصلہ کیا گیا ہے کہ شہر میں زیر زمین کچہرے دانوں کی تنصیب عمل میںلائی جائے۔ مسٹر بی رام موہن نے کہا کہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے شہر کے 40ایسے مقامات کی نشاندہی کی جا چکی ہے جہاں روزانہ کافی کچہرا سڑک پر پھینکا جاتا ہے ۔ سڑکو ںکی صفائی صحت عامہ سے مربوط ہے اسی لئے اس عمل پر توجہ دینے عوام میں شعور اجاگر کرنے کی مہم بھی چلائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ شہر کے دواخانو ںکے قریب صفائی کو بہتر بنانے کے لئے ابتدائی طور پر زیر زمین کچہرے دان نصب کئے جائیں گے مابقی ایک ہزار سے زائد مقامات پر ان 40جگہ پر حاصل ہونے والی کامیابی کا جائزہ لیتے ہوئے نئے کچہرے دانوں کی تنصیب کا فیصلہ کیا جائے گا۔ جی ایچ ایم سی نے شہر میں کوڑے دانوں سے بے تحاشہ کچہرے کی نکاسی کے مقامات کی صفائی عملہ کے ذریعہ نشاندہی کروائی تھی اور اس نشاندہی کے بعد کئے گئے اس فیصلہ سے یہ علاقے اب صاف نظر آئیں گے جہاں اب تک کوڑے دانوں سے کچہرا ابلتا نظر آیا کرتا تھا اور کوڑے داں کے اطراف بھی کچہرا ہوا کرتا تھا۔مئیر جی ایچ ایم سی نے بتایا کہ نئے عصری کچہرے دانو ںکی تنصیب خانگی عوامی شراکت داری کے تحت عمل میں لائی جا رہی ہے اور اس منصوبہ کو عملی جامہ پہنانے کیلئے اب تک تین کارپوریٹ اداروں نے 5کرور روپئے سوشل کارپوریٹ ریسپانسبلیٹی کے تحت جاری کردیئے ہیں اور مزید دو کمپنیوں نے بھی اس منصوبہ میں مکمل تعاون کا تیقن دیا ہے۔