ایک کے جواب میں 10 سرجیکل اسٹرائک کرنے پاکستان کا انتباہ

اسلام آباد ، 13 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان نے آج ہندوستان کے خلاف 10 سرجیکل اسٹرائکس کرنے کا انتباہ دیا جو اس طرح کے ایک حملے کے جواب میں ہوں گے۔ یہ ایک دوسرے سے خفا دونوں نیوکلیر اسلحہ کے حامل پڑوسیوں کے درمیان تازہ ترین لفظی جنگ ہے۔ ملٹری کے انٹر سرویسز پبلک ریلیشنس کے ترجمان میجر جنرل آصف غفورنے یہ بات لندن میں میڈیا سے بات چیت کے دوران کہی، جہاں وہ پاکستانی فوجی سربراہ جنرل قمر جاوید باجوا کے دورے میں ہمراہ ہیں۔ غفور کے حوالے سے ریڈیو پاکستان نے کہا: ’’اگر انڈیا پاکستان کے اندرون ایک سرجیکل اسٹرائک کرنے کی جرأت دکھائے تو اسے جواب میں 10 سرجیکل اسٹرائیکس کا سامنا ہوگا۔‘‘ انھوں نے یہ بھی کہا کہ ہمارے خلاف کوئی غلط مہم کا سوچنے والوں کو پاکستان کی قابلیتوں کے بارے میں شبہ نہیں ہونا چاہئے۔