’ایک اور جج سہراب کیس کی نذر‘، جج کا تبادلہ

راہول گاندھی کی تنقید ،وکلاء کی تنظیم کا چیف جسٹس بمبئی ہائیکورٹ کو مکتوب
نئی دہلی 27 فروری (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کے صدر راہول گاندھی نے آج سہراب الدین شیخ فرضی انکاؤنٹر کے مسئلہ کو اُٹھاتے ہوئے کہاکہ اس (کیس) نے ایک اور جج کو نشانہ بنایا ہے کیوں کہ اس مقدمہ کو اب بمبئی ہائی کورٹ کی نئی واحد رکنی بنچ سے رجوع کیا گیا ہے۔ راہول گاندھی نے اس ضمن میں میڈیا رپورٹس کا حوالہ دیا کہ اس مقدمہ کی سماعت کرنے والے جج کو تبدیل کیا جارہا ہے۔ اُنھوں نے ’’سہراب الدین شیخ کیس پر تازہ سوال‘‘ کے زیرعنوان ایک خبر کے ساتھ ٹوئٹر پر اپنے ردعمل کا اظہار کیا۔ اس جج کا تبادلہ کردیا گیا ہے کیوں کہ انھوں نے میڈیا پر عائد پابندی برخاست کرتے ہوئے سی بی آئی کی سرزنش کی تھی۔ راہول نے ’لویا کی کس طرح موت ہوئی‘ کے مہیش تیاگ کے ساتھ سی بی آئی جج لویا کی موت کا حوالہ دیا جو قبل ازیں سہراب فرضی انکاؤنٹر کیس کی سماعت کررہے تھے۔ راہول نے کہاکہ ’’سہراب الدین کیس نے ایک اور جج کو نشانہ بنالیا۔ قبل ازیں سی بی آئی کو چیلنج کرنے والی جسٹس ایوتی دیرے کو ہٹادیا گیا۔ پھر امیت شاہ پر سوال اُٹھانے والے جج جے ٹی اتپت کو ہٹادیا گیا۔ راہول گاندھی نے سی بی آئی جج بی جے لویا کی موت کا حوالہ بھی دیا۔ راہول نے ’’لویا کی موت کیسے ہوئی‘‘ مہیش تیاگ کے ساتھ لکھا کہ جج لویا نے سخت سوالات کیا تھا اور ان کی موت ہوگئی۔ممبئی سے موصولہ اطلاع کے بموجب وکلاء کی ایک مقامی تنظیم نے چیف جسٹس بمبئی ہائیکورٹ کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے ان سے خواہش کی ہے کہ اس تنازعہ کی جلد ازجلد یکسوئی کیلئے اقدامات کریں۔ بمبئی لائرس اسوسی ایشن نے کارگذار چیف جسٹس بی کے تاہل رمنی کو اس سلسلہ میں مکتوب روانہ کیا ہے۔