ایکتا دیوس سے دوری ‘ ٹی آر ایس حکومت پر بی جے پی کی تنقید

حیدرآباد 31 ڈسمبر ( پی ٹی آئی ) بی جے پی نے آج ٹی آر ایس حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ وضاحت کرے کہ ریاستی چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ یا دوسرے وزرا نے راشٹریہ ایکتا دیوس کی تقاریب میں شرکت کیوں نہیں کی ۔ بی جے پی کے ریاستی صدر ڈاکٹر کے لکشمن نے کہا کہ مرکزی حکومت نے یہ اعلان کیا تھا کہ سردار ولبھ بھائی پٹیل کی یوم پیدائش کو راشٹریہ ایکتا دیوس منایا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ سوال کیا کہ اگر سردار پٹیل نے علاقہ کو نظام کے اقتدار سے آزادی نہیں دلائی ہوتی تو کیا چندر شیکھر راؤ چیف منسٹر بن پاتے ؟ ۔ لکشمن اور دوسرے بی جے پی قائدین نے آج ایکتا دیوس کے موقع پر سردار پٹیل کے مجسمہ پر پھول مالا چڑھائے اور ٹی آر ایس حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت نے 17 ستمبر کو تلنگانہ یوم آزادی سرکاری طور پر منانے سے بھی گریز کیا ہے ۔ اس موقع پر مرکزی وزیر بنڈارو دتاتریہ بھی موجود تھے ۔