ایڈمیرل کرم بیر سنگھ نے بحریہ سربراہ کی ذمہ داری سنبھالی

نئی دہلی 31 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) ایڈمیرل کرم بیر سنگھ نے آج ہندوستانی بحریہ کے 24 ویں سربراہ کی حیثیت سے ذمہ داری سنبھال لی ۔ وہ ائر فورس کی قیادت کرنے والے پہلے ہیلی کاپٹر پائلٹ ہونگے ۔ وہ ایڈمیرل سنیل لامبا کے جانشین ہونگے جو طویل خدمات کے بعد سبکدوش ہوگئے ہیں۔ بحریہ کے سربراہ کی حیثیت سے ایڈمیرل سنگھ کے سامنے سب سے اولین ترجیح بحریہ کو عصری بنانے کے عمل میں تیزی پیدا کرنی ہوگی جو التواء کا شکار ہے ۔ اس کے علاوہ بحریہ میں نئے جہاز ‘ آبدوز اور طیارے شامل کرنے پر بھی انہیں توجہ مرکوز کرنی ہوگی ۔ فی الحال ہندوستانی بحریہ کے پاس 132 بحری جہاز ‘220 طیارے اور 15 جنگی آبدوز ہیں۔ ان کی ترقی کو انڈمان نکوبار کمان کے کمانڈر ایڈمیرل بمل ورما نے سنیاریٹی کی بنیاد پر چیلنج کیا تھا تاہم وزارت دفاع نے اس درخواست کو مسترد کردیا ہے ۔ اس کے بعد وہ ایک فوجی ٹریبونل سے بھی رجوع ہوئے اور ٹریبونل نے ایڈمیرل سنگھ کو ذمہ داری سنبھالنے کی اجازت دیدی ہے تاہم کہا کہ یہ جائزہ قطعی فیصلے کے تابع ہوگا ۔