ایڈز کا شبہ، بچے پر اسکول کے دروازے بند

کولمبو ۔ 29 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) سری لنکا کے ایک اسکول میں ایک ننھے طالب علم کے بارے میں افواہ پھیلنے کی وجہ سے اسکے علاوہ باقی تمام بچوں نے اسکول چھوڑ دیا۔ اسکول کی استانی نے بتایا کہ دراصل اس بچے کے بارے میں کسی نے یہ افواہ پھیلا دی تھی کہ اسے ایڈز ہے۔ ایڈز کیخلاف جنگ کی علمبردار استانی کے مطابق اب سوائے اس ایک بچے کے باقی تمام 186 بچوں کو ان کے والدین نے اسکول سے نکال لیا ہے۔ بچے کی ماں نے بتایا کہ یہ جھوٹی خبر بچے کے والد کے انتقال کے بعد پھیلی اور غلطی سے لوگوں سے اسے بھی ایڈز سے متاثرہ قرار دیدیا ہے۔ بچے کی ماں نے بتایا کہ 10 مختلف اسکولوں کی جانب سے مسترد کئے جانے کے بعد بالآخر وہ اسے ایک اسکول میں داخل کرانے میں کامیاب ہو گئیں لیکن ابھی اس بچے کا اسکول میں پہلا دن مکمل نہیں ہوا تھا کہ اس اسکول کے باقی بچوں کے والدین نے اپنے اپنے بچوں کو اسکول سے نکال لیا۔ گو کہ اس بچے کا طبی سرٹیفیکٹ بھی پیش کیا گیا ہیکہ وہ ایڈز سے متاثر نہیں ہے۔