ایویشین اور ہاسپیٹالیٹی انڈسٹری میں نوجوانوں کے لئے وسیع مواقع

حیدرآباد، 12؍ ستمبر (یواین آئی) جناب ایم اے وحید منیجنگ ڈائریکٹر و وائس چیر مین اقلیتی مالیاتی کارپوریشن نے کہا ہے کہ ایوی ایشن اور ہاسپیٹالیٹی انڈسٹری میں نوجوانوں کے لئے کافی دلکش مواقع ہیں ۔جس سے فائدہ اٹھانا چاہئیے ۔ اقلیتی مالیاتی کارپوریشن ان شعبوں میں روزگار کے لئے ٹریننگ کی خاطر نوجوانوں کو اسپانسر کرنے پر غور کرے گا اور حکومت کو تجاویز روانہ کرے گا۔ انہو ں نے بلو روز ایوی ایشن اینڈ ہاسپیٹالیٹی اکیڈیمی کی جانب سے کاچیگوڑہ میں منعقدہ ایک تقریب کو مخاطب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے اکیڈیمی کے سربراہ جناب ابوالحسن محمد عبدالقدیر کو مبارکباد پیش کی کہ وہ نوجوانوں کو روزگار سے جوڑنے کے لئے خاموش خدمات انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتی مالیاتی کارپوریشن جہاں بے روزگاروں کو خود روزگار شروع کرنے کے لئے مالی امداد دیتا ہے وہیں وہ ان کو روزگار سے جوڑنے کے لئے مختلف شعبوں میں ٹریننگ بھی فراہم کرتا ہے ۔ کارپوریشن اب ان نئے شعبوں میں بھی ٹریننگ فراہم کرنے پر غور کرے گا ۔ اکیڈیمی کے سی ای اوجناب ابوالحسن محمد عبدالقدیر نے اکیڈیمی کے اغراض و مقاصد بیان کئے ۔ مس سارہ خان ایڈوکیٹ ہائی کورٹ وصدر نشین ارحان ایجوکیشن اور جناب ضیاء حسام وزیٹنگ پروفیسر و انٹر نیشنل ایڈوائزر اسٹراٹ فورڈ یونیورسٹی نے بھی مخاطب کیا۔ اس موقع پر سینئر جرنلسٹ جناب شوکت علی خان’ جناب احمد محی الدین اکیڈیمک ہیڈ بلو روز ایوی ایشن اینڈ ہاسپیٹالیٹی اکیڈیمی اور جناب ابو التسلیم محمد یعقوب کنسلٹنٹ انجینئر واٹر ٹریٹمنٹ بھی موجود تھے ۔ طلبا و طالبات نے کلچرل پروگرام پیش کیا۔ بہترین مظاہرہ پر ان کو سرٹیفکیٹ اور ٹروفیاں پیش کی گئیں۔