این ڈی اے کی کامیابی پر عمر عبداللہ کی مبارکباد

اگزٹ پولس درست ثابت، مودی کے شاندار مظاہرہ پر ردعمل
سرینگر 23 مئی (سیاست ڈاٹ کام) نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے آج بی جے پی اور این ڈی اے کو مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ لوک سبھا انتخابات میں اِن کی شاندار کامیابی باعث مسرت ہے۔ جموں و کشمیر کے سابق چیف منسٹر عمر عبداللہ نے اِس کامیابی کا سہرا وزیراعظم نریندر مودی اور بی جے پی صدر امیت شاہ کے سر باندھا اور کہاکہ اِن دونوں قائدین نے ملکر طوفانی مہم چلائی اور پیشہ وارانہ انتخابی مہم میں مہارت رکھنے کا ثبوت دیا۔ اِسی بنیاد پر اگزٹ پولس بھی درست ثابت ہوئے ہیں۔ عمر عبداللہ نے ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ بی جے پی اور این ڈی اے کی اِس شاندار کامیابی مودی کی مقبولیت کی مرہون منت ہے۔ آئندہ پانچ سال تک وزیراعظم مودی صاحب اور امیت صاحب ملکر حکمرانی کا شاندار مظاہرہ کریں گے اور توقع کی جاتی ہے کہ آئندہ لوک سبھا انتخابات میں بھی بی جے پی اور این ڈی اے ہی قطعی اکثریت حاصل کریں گے۔ عمر عبداللہ کا یہ ٹوئٹ آج کے لوک سبھا انتخابی نتائج کے تناظر میں سامنے آیا ہے۔