این ڈی اے حکومت ڈاکٹر امبیڈکر کے اصولوں پر عمل پیرا

اے پی بی جے پی ایس سی مورچہ صدر ڈی سامبیاکا بیان
وجئے واڑہ ۔ یکم نومبر ( پی ٹی آئی) آندھراپردیش بی جے پی ایس سی مورچہ کے صدر ڈی سامبیا نے آج کہا کہ این ڈی اے حکومت نے ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کے اصولوں کو اپناتے ہوئے سماج کے کمزور طبقات کی فلاح و بہبود اور ان کی ترقی کیلئے سماجی اور فینانشیل ویلفیر پروگرامس شروع کئے ہیں ۔ سامبیا نے کہا کہ این ڈی اے حکومت نے پردھان منتری جن دھن یوجنا ، اٹل پنشن یوجنا ، پردھان منتری سرکشا بیمہ یوجنا ، پردھان منتری جیون جیوتی یوجنا شروع کئے ہیں جس کا مقصد سماج کے کمزور طبقات کو معاشی طور پر فائدہ پہنچانا ہے ۔ وہ ویہاں ایس سی مورچہ اسٹیٹ ایگزیکٹیو کمیٹی کے اجلاس کے موقع پر مخاطب کررہے تھے ۔ سابق رکن اسمبلی نے مزید کہا کہ ایس سی مورچہ کی اے پی اسٹیٹ یونٹ کی جانب سے ڈاکٹر بی آر امبیڈکرکی تعلیمات اور پیام کو عام کرنے کیلئے مختلف پروگرامس کا اہتمام کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایس سی مورچہ کی جانب سے غریب عوام کو مرکزی حکومت کی اسکیمات سے استفادہ کرنے کی ترغیب دلائی جارہی ہے ۔ تحفظات کے مسئلہ پر سامبیا نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی کے یہ کہنے کے باوجود کہ ان کی حکومت کمزور طبقات کی ترقی کیلئے دستوری ذمہ داریوں کو پورا کرے گی اور اس پر عمل کرے گی ۔ بعض سیاسی جماعتیں اس سلسلہ میں عمداً غلط فہمیاں پیدا کررہی ہیں ۔