این سی پی دفعہ 370 پر مدلل مباحثہ کی خواہاں

جموں ۔ 30 مئی (سیاست ڈاٹ کام) یو پی اے میں کانگریس کی حلیف جماعت نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) بھی اب اس بات کی خواہاں ہے کہ دفعہ 370 پر قومی سطح پر مباحثہ کا اہتمام کیا جائے۔ جموں و کشمیر کے این سی پی سربراہ ٹھاکر رندھیر سنگھ نے اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کا شخصی خیال یہ ہیکہ دفعہ 370 کی افادیت کے موضوع پر سیر حاصل مباحثہ ہونا چاہئے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ دفعہ 370 کی وقت گذرنے کے ساتھ افادیت اور اہمیت ختم ہوگئی ہے کیونکہ اس سے صرف کچھ مخصوص سیاستدانوں اور ان کے خاندانوں نے فائدہ اٹھایا جس کی وجہ سے جموں و کشمیر میں علحدگی پسند تحریک کو شہ ملی۔ یاد رہے کہ کچھ روز قبل وزیراعلیٰ جموں و کشمیر عمر عبداللہ نے کہا تھا کہ اگر جموں و کشمیر سے دفعہ 370 برخاست کیا گیا تو کشمیر ہندوستان کا حصہ نہیں رہے گا۔

2G اسکام : شاہد بلوا پر ایک لاکھ روپئے کا جرمانہ
نئی دہلی ۔ 30 مئی (سیاست ڈاٹ کام) ایک خصوصی عدالت نے آج سوان ٹیلی کام پروموٹر شاہد عثمان بلوا پر ایک لاکھ روپئے کا جرمانہ عائد کیا جس نے 2G اسکام معاملہ میں عدالت کو قبل از دیئے گئے جوابات سے دستبرداری کی اجازت طلب کی تھی۔ عدالت نے شاہد عثمان بلوا کو نئے سرے سے اپنا بیان ریکارڈ کروانے کی اجازت دی۔ البتہ خصوصی سی بی آئی جج او پی سینی نے سی بی آئی کے اس استدلال کو منظور نہیں کیا جہاں یہ کہا گیا تھا شاہد بلوا کی درخواست ضمانت کو منسوخ کردیا جائے جو 2G اسکام کیس کا ملزم ہے۔ عدالت نے شاہد عثمان بلوا کی جانب سے اس کے قبل ازیں دیئے گئے جوابات (بیانات) سے دستبردار ہونے کی درخواست کو منظور کرلیا جبکہ سی بی آئی کا یہ کہنا ہیکہ شاہد بلوا کے منصوبے نیک نیتی پر مشتمل نہیں ہیں اور وہ عدالت کو تن آسان سمجھ رہا ہے۔