این ایس اے کے باب داخلہ میں کار گھسانے کی کوشش ‘ ایک شخص ہلاک

فورٹ میڈے ( امریکہ ) 30 مارچ ( اے پی ) نیشنل سکیوریٹی ایجنسی کے باب الداخلہ میں آج دو افراد نے ایک کار گھسانے کی کوشش کی جسکے بعد وہاں فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور ایک شخص اس میں ہلاک ہوگیا ۔ ابتدائی اطلاعات میں دو عہدیداروں کے حوالے سے یہ بات بتائی گئی ۔ ایف بی آئی کی ایک ترجمان نے کہا کہ یہ واقعہ دہشت گردی سے تعلق نہیں رکھتا ۔ دو عہدیداروں نے کہا کہ کار میں موجود دو میں کم از کم ایک شخص فائرنگ کے تبادلہ میں ہلاک ہوگیا ۔ این ایس اے کا ہیڈ کوارٹر بالٹی مور کے قریب ایک وسیع فوجی تنصیب کے قریب ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایف بی آئی کے ایجنٹس عینی شاہدین سے معلومات حاصل کرنے میں مصروف ہیں۔ یہاں دو تباہ شدہ کاریں بھی دیکھی گئیں۔