این آر آئیز سے شادیاں ،لڑکیوں کو چوکسی کا مشورہ

حیدرآباد 29 ڈسمبر (این ایس ایس ) سمندر پار ہندوستانیوں سے متعلق مرکزی وزارت نے ایک اعلامیہ جاری کرتے ہوئے بیرونی ممالک میں مقیم افراد سے شادی کی خواہشمند خواتین اور لڑکیوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ شادی بیاہ کے معاملہ میں چوکس و چوکنا رہیں ’ ہاں ‘ کہنے سے قبل امکان دولہا کے قانونی موقف اور اس کے پس منظر کا بغور پتہ چلائیں ۔ اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ سب سے پہلے اس بات کا پتہ چلایا جائے کہ بیرونی ممالک میں رہنے والا وہ شخص پہلے سے ہی شادی شدہ تو نہیں ہے علاوہ ازیں اس کے روزگار / بزنس / اس کے قیام کا موقف (گرین کارڈ / قیام کے جائز دستاویزات ) کا بھی پتہ چلایا جائے ۔ تفصیلات کے لئے متعلقہ ممالک میں ہندوستانی سفارتخانوں سے بھی ربط کیا جاسکتا ہے ۔ اگر ضروری ہو تو ایسے کسی شخص کے بینک اکاونٹ اسٹیٹمنٹ ، رہائشی صداقت نامہ اور ویزے کے بارے میں بھی تفصیلات معلوم کی جائیں ۔ اگر وہ کسی ماہر پیشہ ور کے طور پر کام کررہا ہے تو اس کی ملازمت کی تفصیلات معلوم کی جائیں ۔ مدد کیلئے سمندر پار ورکرس کے مرکز برائے وسائل کے نمبر +01-11-40503090پر ربط کیا جاسکتا ہے ۔ ٹال فری نمبر 1800 11 3090 پر بھی رابطہ کیا جاسکتا ہے ۔