این آر سی کی وجہ سے لوگ خودکشی کررہے ہیں : ممتابنرجی

کوچ بہار۔30 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) مغربی بنگال کی وزیراعلی ممتا بنرجی نے ایک بار پھر قومی شہری رجسٹر (این آر سی) کی پرزور طریقہ سے تنقید کی ہے ۔انہوں نے کہاکہ این آر سی کی وجہ سے کئی لوگوں کے خودکشی کرنے کی رپورٹیں ہیں۔محترمہ بنرجی آسام کی سرحد سے ملحق کوچ بہار ضلع میں ایک انتظامی جائزہ میٹنگ سے خطاب کررہی تھیں۔انہوں نے کہاکہ ہم نے بنگال اور آسام کے لوگوں کے درمیان کوئی امتیاز نہیں کیا۔ ہم دونوں کو ایک یکساں سمجھتے ہیں لیکن کیا آپ نے دیکھا کہ این آر سی کی وجہ سے آسام میں خودکشی ہورہی ہیں ۔ ہم پڑوسی ہیں ۔ کیا آپ کو دکھ نہیں ہوا ؟ ایک شخص کا نام این آر سی فہرست میں نہیں تھا لیکن اس کی اہلیہ اور بچے کا نام اسی فہرست میں درج ہے جس سے وہ خودکشی کرنے کے لئے مجبور ہوا۔وزیراعلی نے کہا کہ ہماری ریاست میں لوگ پرامن طریقہ سے بھائی چارہ کے ساتھ رہ رہے ہیں لیکن کچھ لوگ یہ برداشت نہیں کرسکتے ۔