اینڈی مرے ، ماضی کی ناکامیوں سے مایوس نہیں آسٹریلین اوپن میں آج جوکووچ کیخلاف کامیابی کا یقین

ملبورن ۔ 30 جنوری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام )اینڈی مرے نے کہا ہے کہ اتوار کو نوواک جوکووچ کے خلاف ہونے والے مقابلے میں اُن کی ماضی کی ناکامیوں کا کوئی اثر نہیں ہوگا کیونکہ وہ آسٹریلین اوپن جیت کر ماضی میں چار مرتبہ ایسی شاندار کامیابی کے قریب پہونچ کر ناکام ہوجانے کا سلسلہ اب ختم کرنا چاہتے ہیں۔ مرے نے اعتراف کیا کہ وہ پانچ مرتبہ چمپیئن رہے جوکووچ کے خلاف سخت مقابلہ کرنا چاہتے ہیںجنھوں نے ملبورن پارک فائنل کے ان مقابلوں میں انھیں 2011 ، 2013 اور 2015ء میں شکست دی تھی اور 2010 ء میں مرے کو راجر فیڈرر کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا ۔ عالمی سطح پر دوسرے مقام کے حامل مرے کو اس سال کے ٹورنمنٹس میں کئی نشیب و فراز سے گذرنا پڑا ۔ شخصی زندگی میں مرے کو بیوی کے حمل کے دوران طبی مسائل اور خسر کی صحت کی ناسازی جیسی اُلجھنو ں کا سامنا بھی کرنا پڑا تھا ۔ ملبورن پارک فائنلس میں ان تمام دشواریوں کے باوجود اسکاٹ لینڈ کے اس پرعزم کھلاڑی نے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ نوواک جوکووچ کو چھٹویں آسٹریلین اوپن میں کامیابی کا ریکارڈ بنانے سے روکنے کے مواقع موجود ہیں۔