اینڈی ، سرینا کی یو ایس اوپن سکنڈ راؤنڈ میں رسائی

نیویارک ، 31 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) ومبلڈن چمپینس اینڈی مرے اور سرینا ولیمز نے جاندار کھیل کے ذریعے یو ایس اوپن کے سکنڈ راؤنڈ میں پیشرفت کرلی جب وہ آرتھر ایش اسٹیڈیم سے بڑی شان کے ساتھ باہر آئے۔ سرینا نے اپنی ایک اور ریکارڈ سعی کا آغاز کرتے ہوئے طاقتور شروعات کی اور 29 ویں رینک والی ایکترینا ماکاروا کے مقابل 6-3، 6-3 کی فتح میں حریف کو کچھ موقع فراہم نہ کیا۔ امریکی عالمی نمبر 1 کو ایسا ظاہر ہوا کہ دائیں کندھے میں ہلکی تکلیف نے کوئی رکاوٹ پیدا نہیں کی، جیسا کہ انھوں نے 63 منٹ کے میچ میں درجن بھر ایسیس اور 27 ونرز لگائے۔ سرینا کی کوشش فلشنگ میڈوز کے ہارڈکورٹس پر ریکارڈ ساتواں ٹائٹل جیتنا ہے جہاں وہ پہلی بار 1999ء میں کامیاب ہوئی تھیں۔ خطابی فتح کی صورت میں وہ 22 گرانڈ سلام ٹائٹلز کا اوپن ایرا ریکارڈ توڑیں گی ، جو اَب اُن کیلئے جرمن اسٹیفی گراف کے ساتھ مشترک ہے۔ نیز وہ مارگریٹ کورٹ کے 24 میجر ٹائٹلز کے آل ٹائم ریکارڈ کے قریب بھی پہنچ جائیں گی۔ جہاں سرینا ومبلڈن کے بعد سے کچھ دقت سے دوچار ہوئی ہے، اینڈی مرے آل انگلینڈ کلب میں دوسرا خطاب جیتنے کے بعد سے اپنے اولمپک گولڈ کا ریو میں کامیاب دفاع کرچکے ہیں۔ کیلنڈر سال میں تمام چاروں میجر فائنلز تک پہنچنے والے اوپن ایرا کے چوتھے کھلاڑی بننے کوشاں اینڈی نے بھی چیک حریف لوکاس روسل کے مقابل 6-3، 6-2، 6-2 کا غالب مظاہرہ پیش کیا۔ فرسٹ راؤنڈ کے دیگر مقابلوں میں سرینا کی بڑی بہن 36 سالہ وینس نے یوکرین کی کترینا کوزلوا کو ہرایا۔ پولینڈ کی چوتھی سیڈ اگنیسکا راڈوانسکا، پانچویں سیڈ رومانیائی سائمونا ہالپ بھی پیشرفت کرچکی ہیں۔