ایم بی بی ایس میں داخلوں کیلئے آج کونسلنگ

تلنگانہ کے دو کالجوں میں 150اور اے پی کے ایک کالج میں 100نشستیں‘ اعلامیہ جاری
حیدرآباد۔29ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) ڈاکٹر این ٹی آر یونیورسٹی آف ہیلت سائنسیس وجئے واڑہ نے ایم بی بی ایس کورسیس برائے تعلیمی سال 2014-15ء میں داخلہ کیلئے کونسلنگ شروع کرنے سپریم کورٹ کی طرف سے 18ستمبر کو جاری کردہ احکام پر تعمیل کرتے ہوئے 30ستمبر کو دو مراکز پر کونسلنگ منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ڈاکٹر این ٹی آر ہیلت یونیورسٹی نے اس ضمن میں آج رات دیر گئے ایک اعلامیہ جاری کردیا جس کے مطابق دو مراکز ڈاکٹر این ٹی آر یونیورسٹی آف ہیلت سائنسیس وجئے واڑہ اور جے این ٹی یو حیدرآباد پر 30ستمبر کو 11بجے دن کونسلنگ ہوگی ۔ سپریم کورٹ نے اضافہ نشستوں کیلئے چند میڈیکل کالجوں کو اجازت دی تھی لیکن آندھراپردیش کے جیمس اور کاٹوری میڈیکل کالجوں کے علاوہ تلنگانہ حیدرآباد کے وی آر کے ویمنس میڈیکل کالج نے اس پر رضامندی ظاہر نہیں کی تھی اور داخلوں کیلئے کونسلنگ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ تلنگانہ کے دو غیر اقلیتی کالجوں ملاریڈی انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسیس سورارم ضلع رنگاریڈی حیدرآباد میں 150نشستوں اور میڈی سٹی انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنس گھن پور ورنگل میں 50نشستوں کیلئے کونسلنگ ہوگی ۔ آندھراپردیش کے صرف ایک کالج فاطمہ انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنس کڑپہ میں 100نشستوں کیلئے کونسلنگ ہوگی ۔ اس مسلم اقلیتی ادارہ میں 100نشستیں ہیں ۔ ایسے امیدوار جو ایم بی بی ایس کورسیس میں داخلہ نہیں لے سکے ہیں مذکورہ بالا کالجس میں داخلوں کیلئے کونسلنگ میں حصہ لے سکتے ہیں ۔ ایم بی بی ایس کونسلنگ میں حصہ لینے کیلئے بی ڈی ایس نشست کو چھوڑنے کے خواہشمند امیدوار ( بی ڈی ایس نشست) منسوخی کی فیس کے طور پر یونیورسٹی کو 1,00,000 (ایک لاکھ )روپئے ذریعہ ڈیمانڈ ڈرافٹ بحق رجسٹرار ڈاکٹر این ٹی آر ہیلت یونیورسٹی وجئے واڑہ میں ادا کرنا ہوگا۔ منگل کو ہونے والی کونسلنگ میں حصہ لینے کے خواہشمند امیدواروں سے کہا گیا ہے کہ وہ اصل اسناد‘ یونیورسٹی فیس 7000 روپئے ‘ تعلیمی فیس 10,000روپئے ذریعہ ڈیمانڈ ڈرافٹ بحق رجسٹرار ڈاکٹر این ٹی آر یونیورسٹی آف ہیلت سائنس وجئے واڑہ کے ساتھ کونسلنگ میں شرکت کریں۔ یونیورسٹی فیس اور تعلیمی فیس ایک مرتبہ ادائیگی کے بعد ناقابل واپسی ہوگی ۔ ان کالجوں میں داخلہ سپریم کورٹ میں زیر تصفیہ رٹ درخواست پر قطعی فیصلہ پر منحصر ہوگا ۔ کونسلنگ پر ڈیمانڈ ڈرافٹ ساتھ رکھنے کی ہدایت امیدواروں کیلئے پریشانی کا باعث ہوسکتی ہے کیوں کہ تہوار کی تعطیلات جاری ہیں اور بینکس میں کام کا آغاز 10 بجے کے بعد ہی ہوتا ہے۔ اس صورت میں ڈیمانڈ ڈرافٹ کی تیاری دشوار ہوجائے گی اور کونسلنگ میں شرکت کرنے والوں کیلئے تاخیر کا سبب بھی بن سکتی ہے۔