ایم ایل سی ضمنی انتخاب ‘ کانگریس کی دیگر جماعتوں سے تائید کی طلبی

حیدرآباد 14 مئی ( پی ٹی آئی ) اپوزیشن کانگریس نے آج تلگودیشم ‘ سی پی آئی اور سی پی ایم کے علاوہ تلنگانہ جنا سمیتی سے اپیل کی ہے کہ وہ قانون ساز کونسل کی تین نشستوں کے ضمنی انتخابات میں کانگریس کی تائید کریں۔ صدر پردیش کانگریس این اتم کمار ریڈی نے چار اپوزیشن جماعتوں کے قائدین کو ایک مکتوب روانہ کرتے ہوئے پارٹی امیدواروں کیلئے ان کی تائید طلب کی ہے ۔ کانگریس ذرائع نے یہ بات بتائی ۔ کانگریس نے ادئے موہن ریڈی ‘ کے لکشمی ریڈی اور ای وینکٹ رام ریڈی کو اپنے امیدوار بنایا ہے ۔ یہ تین امیدوار رنگا ریڈی ‘ نلگنڈہ اور ورنگل لوکل اتھارٹیز حلقوں سے مقابلہ کرینگے ۔ الیکشن کمیشن کے شیڈول کے مطابق ان نشستوں کیلئے ضمنی انتخاب31 مئی کو منعقد ہوگا ۔ پرچہ نامزدگیوں کے ادخال کی آحری تاریخ 14 مئی تھی جبکہ پرچہ جات نامزدگیاں 17 مئی تک واپس لئے جاسکتے ہیں۔ ووٹوں کی گنتی 3 جون کو ہوگی ۔ کانگریس نے ان ضمنی انتخابات پر اعتراض بھی کیا تھا اور اس کا کہنا تھا کہ دیہی مجالس مقامی کے انتخابات ابھی چل رہے ہیں تاکہ ضلع پریشد اور منڈل پریشد ارکان کو منتخب کیا جاسکے ۔ یہی لوگ ضمنی انتخابات میں رئاے دہی میں حصہ لے سکتے ہیں۔ کہا گیا ہے کہ پٹنم نریندر ریڈی ‘ کومٹ ریڈی راج گوپال ریڈی اور کونڈا مرلی دھر راو کے استعفوں کی وجہ سے ان نشستوں پر ضمنی انتخاب ہو رہا ہے ۔ ان تینوں نے اسمبلی انتخاب لڑنے کیلئے کونسل کی رکنیت سے استعفی پیش کیا تھا ۔ برسر اقتدار تلنگانہ راشٹرا سمیتی نے ان انتخابات کیلئے پی مہیندر ریڈی ‘ ٹی چنپا ریڈی اور پی سرینواس ریڈی کو امیدوار نامزد کیا ہے ۔ الیکشن کمیشن نے ایم ہنمنت راو ( رکن اسمبلی منتخب ہوگئے ) کے استعفی کی وجہ سے خالی ہونے والی نشست کیلئے بھی ضمنی انتخابات کا اعلان کردیا ہے ۔ شیڈول کے مطابق انتخابات کیلئے اعلامیہ 21 مئی کو جاری کیا جائیگا ۔ 26 مئی تک پرچہ جات نامزدگیاں داخل کی جاسکتی ہیںاور 7 جون کو رائے دہی ہوگی ۔