ایمس میں بابا آشارام کی طبی تشخیص

نئی دہلی۔ یکم جنوری، ( سیاست ڈاٹ کام ) متنازعہ بابا آشا رام کو آج سخت حفاظتی انتظامات میں آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسس منتقل کردیا گیا تاکہ عصمت ریزی کیس میں ان کی درخواست ضمانت کے سلسلہ میں سپریم کورٹ کی ہدایت پر میڈیکل بورڈ کی جانب سے طبی تشخیص کی جاسکے۔ انسٹی ٹیوٹ کے باہر ان کے حامیوں کی کثیر تعداد اُمڈ آئی جس پر کنٹرول کرنے میں پولیس کی اضافی جمعیت کو طلب کرلیا گیا جبکہ76سالہ خود ساختہ بابا آشا رام گزشتہ سال سپٹمبر سے جیل میں مقید ہیں۔ ایمس کا میڈیکل بورڈ آشارام کی صحت کے بارے میں جانچ کرے گا اور ان کی درخواست ضمانت کے سلسلہ میں میڈیکل رپورٹ کا جائزہ لیا جائے گا۔ سپریم کورٹ نے 15اکٹوبر کو ایمس ڈائرکٹر کو ہدایت دی تھی کہ میڈیکل بورڈ کا جائزہ لینے کیلئے ایک میڈیکل بورڈ تشکیل دیا جائے اور یہ سفارش پیش کریں کہ آیا ان کی ضمانت منظور کی جاسکتی ہے یا نہیں۔