ایمسیٹ کونسلنگ پر اے پی اور تلنگانہ میں ٹکراؤ

حیدرآباد ۔ 30 ۔ جولائی : ( ایجنسیز ) : انجینئرنگ اور میڈیکل میں داخلوں کے لیے ایمسیٹ کونسلنگ کا تنازعہ دونوں ریاستوں تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے درمیان ٹکراؤ کا راستہ بنتا جارہا ہے ۔ اے پی اسٹیٹ کونسل برائے اعلیٰ تعلیم ( اے پی ایس سی ایچ ای ) نے منگل کو اس بات کا دعویٰ کیا ہے کہ آندھرا پردیش تنظیم جدید ایکٹ کے تحت وہ دونوں ریاستوں میں ایمسیٹ کونسلنگ کے انعقاد کے لیے واحد ذمہ دار اتھاریٹی ہے تاہم دوسری جانب حکومت تلنگانہ نے اس دعویٰ کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت تلنگانہ ایمسیٹ کی بنیاد پر علحدہ طور پر داخلوں کا آغاز کرے گی اور اے پی ایس سی ایچ ای کا اس میں کوئی دخل نہیں ہوگا ۔ اے پی ایس سی ایچ ای صدر نشین ایل وینو گوپال ریڈی نے میڈیا کو بتایا کہ کونسل تعلیمی اداروں میں داخلوں کے لیے کونسلنگ کے انعقاد کے لیے غیر منقسم ریاست میں ذمہ دار تھی ۔۔