ایمسیٹ و ٹیٹ کیلئے سرکاری ملازمین کے تعاون کا پیشکش

امتحانات کو منسوخ نہ کرنے کی اپیل، ٹی این جی اوز صدر گریٹر حیدرآباد کا بیان
حیدرآباد۔29اپریل(سیاست نیوز) تلنگانہ میںمنعقد ہونے والے ایمسٹ اور ٹیٹ امتحانات مقرر وقت پر منعقد کرانے پر ریاست کے تمام سرکاری ملازمین کے مکمل تعاون کا اعلان کرتے ہوئے ٹی این جی اوزگریٹر حیدرآباد صدر ایس ایم حسینی مجیب نے کہاکہ حکومت تلنگانہ کو مذکورہ امتحانات منسوخ کرنے کی ضرورت نہیں ہے ۔آج یہاں ٹی این جی اوز گریٹر حیدرآباد بھون میںمنعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایس ایم حسینی مجیب نے کہاکہ خانگی اسکول اور کالج انتظامیہ کی جانب سے مذکورہ امتحانات میںعدم تعاون کا اعلان بلیک میل پالیسی کاحصہ ہے جس کی ہر شعبہ سے مذمت کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ چیف منسٹر کے چندرشیکھر رائو کی نگرانی میںحکومت تلنگانہ کامیابی کی منزلیں طئے کررہی ہے اور سنہری تلنگانہ قیام کے لئے چیف منسٹر کے چندرشیکھر رائو کے بشمول ریاست کے تمام محکمہ جات پوری سنجیدگی کے ساتھ کام کررہے ہیں ایسے حالات میںخانگی اسکول او رکالج انتظامیہ کو اپنے مفادات کی تکمیل کے لئے حکومت کوبلیک میل کرنے کی کوشش قابل افسوس ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ٹی این جی اوز گریٹر حیدرآباد خانگی تعلیمی اداروں کے انتظامیہ کو درپیش مسائل کے حل کے لئے بھی حکومت سے نمائندگی کریگی مگر ایمسٹ اور ٹیٹ کے انعقاد میں عدم تعاون کے ذریعہ ریاست کی ترقی میںرکاوٹیںکھڑی کرنا قابل ِ مذمت اقدام ہوگا۔ ٹی این جی اوز گریٹر حیدرآباد سکریٹری پربھاکر او ردیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔