ایل پی جی سبسڈی کی منتقلی اسکیم کی پیشرفت کا جائزہ ،وزیراعظم کا اجلاس

نئی دہلی۔ 31 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے آج پکوان گیاس (ایل پی جی ) پر سبسڈی کی صارفین کے بینک کھاتوں میں راست منتقلی سے متعلق اسکیم پر عمل آوری کا جائزہ لیا۔ سرکاری بیان میں بتایا گیا کہ ایل پی جی سبسڈی کیلئے فائدہ کی راست منتقلی کے تحت اب تک 9.75 کروڑ ایل پی جی صارفین کا احاطہ ہوچکا ہے جو دنیا بھر میں رقم کی منتقلی کا سب سے بڑا پروگرام ہے۔ اس اسکیم کو اب ’’پہل‘‘ کا نیا نام دیا گیا ہے۔ اسی نوعیت کے پروگرام دیگر ملکوں جیسے چین ، میکسیکو ، برازیل میں بھی ہیں ۔ جن کے مقابل ہندوستان کے پروگرام میں سب سے زیادہ استفادہ کنندگان ہوگئے ہیں۔ آج کی اعلیٰ سطح کی میٹنگ میں وزیراعظم کو اس اسکیم کے بارے میں وزیر تیل دھرمیندر پردھان نے خاکہ پیش کرتے ہوئے تفصیلات سے واقف کرایا۔ اس اسکیم کے تحت ایل پی جی سلنڈرس مارکٹ شرحوں پر فروخت کئے جاتے ہیں اور صارفین کو مستحقہ سبسڈی ان کے بینک کھاتوں میں راست منتقل کردی جاتی ہے۔