ایل او سی پر ہندوستانی فائرنگ پر تین پاکستانی زخمی

اسلام آباد ۔ یکم ؍ جون (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان نے آج کہا کہ لائن آف کنٹرول پر ہندوستانی فوج کی جانب سے بلااشتعال فائرنگ کے دوران کم از کم 3 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ فوجی بیان کے مطابق ہندوستانی فوج نے آج صبح ایل او سی سے متصل باٹل، جانروڈ اور ہاوٹس پرنگ سیکٹرس پر اندھادھند بلااشتعال فائرنگ کی گئی جس میں 3 پاکستانی زخمی ہوئے ہیں۔ پاکستانی فوج نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے ہندوستانی ٹھکانوں پر مؤثر حملے کئے۔ فوج کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا کہ دونوں جانب ایک دوسرے پر مسلسل الزامات عائد کئے جارہے ہیں کہ جنگ بندی کی خلاف ورزی کی جارہی ہے۔ اس جنگ بندی کی خلاف ورزی کے درمیان شہری ہلاک اور زخمی ہورہے ہیں۔ پاکستان نے گذشتہ ہفتہ کہا تھا کہ ایک 60 سالہ خاتون اس وقت ہلاک ہوئی جب ہندوستانی شلباری میں اس کا مکان تباہ ہوا۔ ضلع بھیمبر کے موضع نالی میں واقع اس خاتون کے مکان پر ہندوستان کی جانب سے داغا گیا شل آ گرا تھا۔