ایف سی آئی کے عملہ سے سالانہ 100 گھنٹے

’’سوچھ بھارت ‘‘کیلئے مختص کرنے پاسوان کی خواہش
نئی دہلی۔ 29 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) سوچھ بھارت مشن (صاف ستھرا ہندوستان مہم) کے تحت آغاز کرتے ہوئے مرکزی وزیر برائے اغذیہ رام ولاس پاسوان نے آج حکومت زیرانتظام فوڈ کارپوریشن آف انڈیا کے ارکان عملہ سے اپیل کی کہ وہ ہر سال 100 گھنٹے شہروں اور قصبوں کو صاف ستھرا بنانے کے لئے مختص کریں۔ پاسوان نے ایف سی آئی کے ہیڈکوارٹرس کے باہر کے علاقہ کو جھاڑو دے کر صاف کیا اور کہا کہ ہندوستان میں ترقی یافتہ ممالک کے برعکس جاروب کشوں کی کوئی عزت نہیں ہے۔ اس ذہنیت کو تبدیل کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ صفائی کی یہ مہم صرف علامتی نہیں ہے جبکہ وزیراعظم اور کابینی وزراء علاقہ کو صاف ستھرا کرنے کیلئے جھاڑو اٹھالیں تو اسے علامتی نہیں کہا جاسکتا۔ حکومت کا مقصد اس کو ایک عوامی مہم بنادینا ہے۔ انہوں نے ایف سی آئی کے 36 ہزار سے زیادہ ملازمین سے توقع ظاہر کی کہ وہ ہر سال ان کے شہروں اور قصبوں کو صاف ستھرا بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس قسم کی مہمات سے محنت کا وقار بھی اجاگر ہوتا ہے۔ انہوں نے جاروب کشوں کا احترام کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ ترقی یافتہ ممالک میں جاروب کش کو بھی مساوی بااحترام مقام حاصل ہے، جبکہ ہندوستان میں ایسا نہیں ہے۔